0
Tuesday 17 Feb 2015 15:17

سینیٹ الیکشن میں اتحاد کیلئے وزیراعظم نواز شریف نے آصف زرداری کو عندیہ دے دیا

سینیٹ الیکشن میں اتحاد کیلئے وزیراعظم نواز شریف نے آصف زرداری کو عندیہ دے دیا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے سابق صدرمملکت آصف علی زرداری سے ملاقات میں ان کو عندیہ دیا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی سینیٹ کے انتخابات میں اتحاد کے لئے نواز لیگ کے ساتھ بات چیت کرنا چاہیے تو ہم اس کا خیر مقدم کریں گے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے مختلف جماعتوں سے رابطے میں ہے، مشاورت کے بعد جواب دیں گے، تاہم ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف سے گزشتہ روز پیر کو گورنر ہاؤس کراچی میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف زرداری نے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی مجموعی سیکیورٹی و سیاسی صورتحال، نیشنل ایکشن پلان، سینیٹ کے انتخابات، سندھ باالخصوص کراچی آپریشن اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابق صدر آصف زرداری نے وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان میں حالیہ کئے جانے والے اقدامات پر پارٹی کے تحفظات سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے آصف زرداری کی مفاہمتی پالیسی کی تعریف کی اور کہا کہ سندھ کی 2 بڑی سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان بات چیت کا آغاز خوش آئند عمل ہے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے اتحاد سے سندھ کے مسائل حل ہونگے۔ وزیراعظم نواز شریف نے سندھ کی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ سندھ کی ترقی میں وفاقی حکومت ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکمران جماعت اور پیپلز پارٹی مل کر ملک کو چیلنجز سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں، دونوں جماعتوں میں ورکنگ ریلیشن شپ بڑھائی جائے۔ وزیراعظم نواز شریف نے پیپلز پارٹی کی جانب سے مختلف ایشوز پر پیش کئے جانے والے تحفظات کو دور کرنے کا بھی یقین دلایا، ملاقات میں جمہوری عمل کی مضبوطی اور دیگر عوامی ایشوز کے حل کے لئے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق ملاقات میں کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن اور سندھ حکومت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اور سندھ حکومت کے مالی مسائل حل کرنے کے لئے وفاق کے تعاون کا وزیراعظم نواز شریف نے یقین دلایا۔
خبر کا کوڈ : 440852
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش