QR CodeQR Code

حرمت رسول اے پی سی، مسلم و غیر مسلم سفارتکاروں سے ملاقات کیلئے وفد تشکیل دینے کا فیصلہ

17 Feb 2015 23:42

اسلام ٹائمز: مںصورہ لاہور میں ہونے والے اے پی سی سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ امت کی بقا باہمی اتحاد میں ہے، اس حوالے سے امت مسلمہ کو اپنے تمام فروعی اختلافات فراموش کر کے ایک پرچم تلے جمع ہونا ہو گا، ملک میں فرقہ واریت بھی اسلام دشمنوں کی سازش ہے جس کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے زیراہتمام منصورہ لاہور میں حرمت رسول ﷺ آل پارٹیز کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں میزبانی امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کی۔ کانفرنس میں جمعیت علما پاکستان (س) کے مولانا سمیع الحق،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سید ناصر عباس شیرازی، علامہ عبدالخالق اسدی، شیعہ علما کونسل کے صوبائی صدر علامہ مظہر عباس علوی، نائب صدر حافظ کاظم رضا، علما کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ طاہر اشرفی، تنظیم اسلامی کے سربراہ حافظ عاکف سعید، جے یو پی کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی، انصارالامہ کے مولانا فضل الرحمان خلیل، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما قاری زوار بہادر، جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امرا حافظ محمد ادریس، میاں محمد اسلم اور اسداللہ بھٹو، سابق صدر مملکت محمد رفیق تارڑ، جماعتہ الدعوہ کے سربراہ حافظ محمد سعید، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، جماعت الدعوۃ کے امیر حمزہ، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی اور تنظیم المدارس کے صدر مفتی منیب الرحمن، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید، وفاق المدارس العربیہ کے سیکرٹری جنرل قاری محمد حنیف جالندھری، جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا محمد امجد خان، پیپلزپارٹی کے رہنما نوید چودھری، میسحی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی جے سالک، شیعہ پولیٹیکل پارٹی کے سربراہ سید نوبہار شاہ، آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما احسان وائیں، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما علامہ زبیر احمد ظہیر، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنما مولانا اللہ وسایا، مجلس احرار کے عطاالمہیمن بخاری، ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر اور حق باہو فائونڈیشن کے صاحبزادہ سید سلطان احمد علی، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ علامہ ابتسام الہی ظہیر، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما پیر محفوظ مشہدی، ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ ثاقب اکبر، پاکستان گوردوارہ بندھک کمیٹی کے صدر سردار شام سنگھ، انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے رہنما ممبر پنجاب اسمبلی مولانا الیاس چنیوٹی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ مغرب اسلام کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہو کر اسے بدنام کرنے کے لئے ایسی گھناؤنی حرکتیں کر رہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے اشاعت کا مقصد مسلمانوں میں اشتعال پیدا کرنا ہے تاکہ وہ غیر مسلموں پر حملے کریں اور اسے سے اسلام کو بدنام کیا جا سکے۔ کانفرنس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ایک وفد تشکیل دیا جائے گا جس کے ارکان اسلام آباد میں تمام مسلم و غیر مسلم سفارت کاروں سے ملاقاتیں کرے گا اور عالمی سطح پر حرمت انبیا علیہ السلام کے حوالے سے قانون سازی کے لئے زمین ہموار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان کے لئے حرمت رسول ﷺ سے بڑھ کر کوئی دوسری چیز نہیں، اس لئے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس حوالے سے اپنا کلیدی کردار ادا کرے۔ مقررین نے کہا کہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے فساد قوتوں کو بے نقاب کرنا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امت کی بقا باہمی اتحاد میں ہے، اس حوالے سے امت مسلمہ کو اپنے تمام فروعی اختلافات فراموش کر کے ایک پرچم تلے جمع ہونا ہو گا۔ رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں فرقہ واریت بھی اسلام دشمنوں کی سازش ہے جس کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 441011

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/441011/حرمت-رسول-اے-پی-سی-مسلم-غیر-سفارتکاروں-سے-ملاقات-کیلئے-وفد-تشکیل-دینے-کا-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org