0
Wednesday 18 Feb 2015 23:05

شمالی وزیرستان میں تمام گروپوں کے خلاف بلاتفریق آپریشن جاری ہے، آرمی چیف

شمالی وزیرستان میں تمام گروپوں کے خلاف بلاتفریق آپریشن جاری ہے، آرمی چیف
اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امریکی کانگریس کے ایک وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ کوئی بھی شدت پسند گروپ پاکستان کا پسندیدہ نہیں ہے اور شمالی وزیرستان میں تمام گروپوں کے خلاف بلاتفریق آپریشن جاری ہے۔ جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے رکن سینیٹر جیک ریڈ کی قیادت میں امریکی کانگریس کے ایک وفد سے ملاقات میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر شدت پسند گروپوں کا نیٹ ورک توڑا جا رہا ہے جب کہ شمالی وزیرستان کا ایک بڑا حصہ خالی کرایا جاچکا ہے۔ امریکی کانگرس کے وفد نے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کو بھی سراہا۔ ملاقات کے دوران پاک افغانستان سرحد کی سیکیورٹی کی صورتحال بھی زیر بحث آئی اور آرمی چیف نے امریکی وفد کو بتایا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے مشترکہ آپریشن بھی کیا جا رہا ہے جس میں کافی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

آرمی چیف نے امریکی کانگرس کے وفد کو اپنے گزشتہ روز کیے گئے دورہ کابل کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیا اور سینیٹر جیک ریڈ کو بتایا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دہشت گردی کے خاتمے اور سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ یاد رہے کہ 16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے حملے کے بعد آرمی چیف نے دورہ کابل کے دوران افغان سیاسی و عسکری قیادت سے سرحدی علاقوں میں موجود شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ آرمی چیف نے افغان قیادت سے افغانستان میں روپوش ٹی ٹی پی سربراہ ملا فضل اللہ کی حوالگی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 441281
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش