0
Saturday 21 Feb 2015 00:41

پاکستان کی کوئی کشتی لاپتہ نہیں ہوئی، بھارتی میڈیا نے کشتی کا ڈرامہ رچایا، تسنیم اسلم

پاکستان کی کوئی کشتی لاپتہ نہیں ہوئی، بھارتی میڈیا نے کشتی کا ڈرامہ رچایا، تسنیم اسلم
اسلام ٹائمز۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی کوئی کشتی لاپتہ نہیں ہوئی اور ہندوستان کے میڈیا نے کشتی کا ڈرامہ رچایا، تاہم نام نہاد کشتی کا ڈرامہ اب اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے۔ جمعے کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ پاکستانی کشتی کا ڈرامہ آہستہ آہستہ منظرعام پر آ رہا ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستانی وزارت دفاع نے الزام لگایا تھا کہ 31 دسمبر اور یکم جنوری کی درمیانی شب بحیرہ عرب میں پاکستانی ماہی گیروں کی ایک کشتی نے ہندوستانی نیوی کی جانب سے پکڑے جانے کے خطرے کے پیش نظر خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں پاکستانی کشتی میں موجود تمام چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ رواں ہفتے بدھ کو ہندوستانی اخبار انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ہندوستانی کوسٹ گارڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل بی کے لوشالی نے اعتراف کیا ہے کہ بحیرہ عرب میں پاکستانی کشتی ان کے حکم پر دھماکے سے اڑائی گئی تھی، تاہم مذکورہ افسر نے خود سے منسوب اس بیان کی تردید کردی تھی۔

جس کے بعد مذکورہ اخبار نے اپنی ویب سائٹ پر بی کے لوشالی کی وہ ویڈیو بھی جاری کردی، جس میں انھیں یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ 'کشتی کو اڑا دو، ہم انھیں (پاکستانیوں کو) بریانی نہیں کھلانا چاہتے'۔ ترجمان دفتر خارجہ کا ہندوستان سے مذاکرات کے حوالے سے کہنا تھا کہ مسائل مذاکرات ہی حل کرسکتے ہیں اور خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے ہندوستان سے مذاکرات ضروری ہیں۔ تسنیم اسلم نے بتایا کہ سمجھوتہ ایکسپریس واقعے کی تحقیقات سے پاکستان کو آگاہ نہیں کیا گیا اور 8 سال گزر جانے کے باوجود تاحال واقعے میں ملوث افراد کو سزا نہیں دی گئی۔ انہوں نے سمجھوتہ ایکسپریس کی برسی پر ہندوستان کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 441801
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش