0
Sunday 22 Feb 2015 00:37

گلگت بلتستان کے انتخابات میں مکمل طور پر غیر جانبدار رہونگا، شیخ حسن جعفری

گلگت بلتستان کے انتخابات میں مکمل طور پر غیر جانبدار رہونگا، شیخ حسن جعفری
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے ممتاز عالم دین شیخ محمد حسن جعفری نے کہا ہے کہ جی بی کے آئندہ الیکشن میں قوم بالکل آزاد ہے، لوگ جس کو چاہیں ووٹ دیں، میری کسی سیاسی جماعت سے کوئی وابستگی ہے نہ ہی میں رائے عامہ کو تبدیل کرنے کے حق میں ہوں۔ عوام اہل، دیانتدار، ایماندار، باکردار اور پڑھے لکھے لوگوں کو منتخب کرکے اسمبلی میں بھیجیں۔ الیکشن میں فیصلہ کرتے وقت عوام علاقے کی ترقی، خوشحالی اور مفاد کو مد نظر رکھیں۔ اسکردو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے امیدواروں اور آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے والوں سے میری اپیل ہے کہ وہ انتخابی مہم کے دوران علاقے کی رواداری، ہم آہنگی، بھائی چارگی کو ٹھیس پہنچانے والی سرگرمیوں سے مکمل اجتناب کریں اور کسی انتخابی جلسے میں امن و اتحاد کو داؤ پر لگانے والے نعروں سے گریز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے علاقے کا مفاد سب سے مقدم ہے، ان لوگوں کا ساتھ دینا ہوگا جو اہل، دیانت دار، باکردار اور قوم و ملت کے دکھ درد میں شامل ہونے والے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ آئندہ قانون ساز اسمبلی کے الیکشن میں بالکل غیر جانب دار رہوں گا، عوام اپنی مرضی سے نمائندے چنیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے مسائل پیچیدہ ہیں، ہمیں گروہی اختلافات سے بالا تر ہو کر علاقے کے اجتماعی مفادات کے تحفظ کیلئے کام کرنا ہوگا، ورنہ آنے والے وقتوں میں ہمارے مسائل مزید پیچیدہ ہوں گے۔ جو جماعتیں الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں، وہ علاقے کے اجتماعی مسائل کو اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن کی مجموعی صورت حال کو برقرار رکھنے کیلئے ہمیں باہمی اتحاد و یگانگت کو مزید فروغ دینا ہوگا، جب تک ہم ایک دوسرے کو برداشت نہیں کریں گے، تب تک علاقے کے اجتماعی مسائل حل نہیں ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 442104
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش