QR CodeQR Code

داعش دہشتگرد گروہ کیخلاف جنگ میں اسلامی اقدار کا لحاظ رکھیں، آیت اللہ العظمٰی سیستانی کی ہدایت

22 Feb 2015 11:07

اسلام ٹائمز: عراقی رضا کار فورس کو اپنی بیس نکاتی ہدایات میں عراق کے بزرگ مرجع تقلید نے تاکید کی ہے کہ داعش دہشتگرد گروہ کیخلاف جنگ میں اسلامی اقدار کا لحاظ رکھیں اور بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کو نشانہ بنانے سے اجتناب کریں۔ انہوں نے اس بات پر بھی تاکید کی ہے کہ داعش سے وابستہ مسلح دہشتگردوں کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کو کچھ نہ کہا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ عراق کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمٰی سیستانی نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں بےگناہ افراد، عورتوں اور بچوں کو نشانہ بنانے سے پرہیز کیا جائے۔ آیت اللہ العظمٰی سیستانی نے عراقی رضا کار فورس کو اپنی بیس نکاتی ہدایات میں تاکید کی ہے کہ داعش دہشتگرد گروہ کے خلاف جنگ میں اسلامی اقدار کا لحاظ رکھیں اور بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کو نشانہ بنانے سے اجتناب کریں۔ آیت اللہ العظمٰی سیستانی نے اس بات پر بھی تاکید کی ہے کہ داعش سے وابستہ مسلح دہشت گردوں کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کو کچھ نہ کہا جائے۔ داعش دہشتگردوں کے ساتھ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جنگ تیز ہونے پر آیت اللہ العظمٰی سیستانی نے عراقی مجاہدین کے نام اپنے پیغام میں بیس نکاتی ہدایات کی شکل میں حقیقی جہاد کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ضروری ہدایات دی ہیں اور حکم دیا ہے کہ داعش کے خلاف جنگ میں دینی احکامات کی پابندی کریں۔ آیت اللہ العظمٰی سیستانی کی جانب سے داعشیوں کے خلاف جنگ میں قیدیوں، بوڑھوں، بچوں اور خواتین کے ساتھ اسلامی اصول و ضوابط کے مطابق سلوک روا رکھے جانے پر تاکید ایک ایسے وقت کی جا رہی ہے کہ داعش سے وابستہ عناصر نے اسلام اور جہاد کے نام پر نہایت سفاکی اور بربریت کا مظاہرہ کیا ہے، حتّی کہ عورتوں، معصوم بچوں اور بے گناہ لوگوں کو نہایت ہی بے دردی کے ساتھ قتل کرنے کے بعد لاشوں کی بے حرمتی کرنے جیسے شرمناک اور ناقابل بیان اقدامات انجام دیئے ہيں۔


خبر کا کوڈ: 442221

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/442221/داعش-دہشتگرد-گروہ-کیخلاف-جنگ-میں-اسلامی-اقدار-کا-لحاظ-رکھیں-آیت-اللہ-العظم-ی-سیستانی-کی-ہدایت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org