0
Monday 23 Feb 2015 09:54

کراچی کے علاقے میٹروول میں ریننجرز کی کارروائی، اہم طالبان کمانڈر گرفتار

کراچی کے علاقے میٹروول میں ریننجرز کی کارروائی، اہم طالبان کمانڈر گرفتار
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے میٹروول سائٹ ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے رینجرز نے کالعدم تحریک طالبان کے اہم کمانڈر کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ کورنگی پولیس نے ٹارگٹ کلر سمیت 13 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا، گرفتار ٹارگٹ کلر 2 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے، مہران بیس کی چار دیواری کے ساتھ قائم کچی آبادی سے 9 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز نے میٹروول سائٹ ایریا کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سوات گروپ کے اہم کمانڈر گرفتار کیا، جو کہ دہشتگردی کی مختلف کارروائیوں میں مطلوب تھا، پولیس و رینجرز پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کے کئی واقعات کی منصوبہ بندی میں شریک تھا، دہشتگرد کا نام صیغہ راز میں رکھا جا رہا ہے۔ طالبان دہشتگرد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں رینجرز نے سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد پر بھی چھاپہ مارا اور 3 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، تاہم رینجرز کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے ٹیلی فون ریسیو نہیں کیا۔

دوسری جانب ایس ایس پی کورنگی جنید احمد شیخ نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ فیصل کالونی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بلال کالونی کے رہائشی ٹارگٹ کلر شہزاد عرف منا ولد شاہ نواز بنگالی کو گرفتار کرکے ایک پستول اور 2 مسروقہ موبائل فون برآمد کرلئے۔ انھوں نے بتایا کہ گرفتار ٹارگٹ کلر نے دوران تفتیش زمان ٹاؤن اور کورنگی صنعتی ایریا میں 2 پولیس اہلکار انور اور مجاہد سمیت 9 افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کا اعتراف کیا ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرنے پر ڈی آئی جی ایسٹ نے پولیس پارٹی کے لئے نقد رقم اور تعریفی اسناد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ جنید احمد شیخ نے بتایا کہ الفلاح پولیس نے دوران گشت ملزم ارشد اقبال ولد اقبال حسن کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔

ایس ایس پی کورنگی کا کہنا تھا کہ کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے مسلم آباد کے علاقے میں مہران بیس کی عقبی چار دیواری کے ساتھ قائم کچی آبادی میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر 9 افغان باشندوں کو فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان کے پاس کسی قسم کے قانونی دستاویزات نہیں، انھیں واپس افغانستان بھجوایا جائے گا، کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے چوری کی موٹر سائیکلوں کو ٹیمپر کرنے والے گروہ کے کارندے نعیم کو گرفتارکر لیا۔ کورنگی پولیس نے ایک اور کارروائی کے دوران گزشتہ دنوں قتل کی جانے والی خاتون حنیفہ کے قتل کے الزام میں قربان علی نامی شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ دریں اثنا سندھ پولیس نے 24 گھنٹے کے دوران 90 چھاپے مارے، جبکہ ایک مقابلہ ہوا، جس میں 2 ملزمان ہلاک ہوگئے، مجموعی طور پر 93 ملزمان گرفتار کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 442320
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش