0
Tuesday 24 Feb 2015 01:35

پاکستان نے طالبان کو بتا دیا کہ مذاکرات کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، عبداللہ عبداللہ

پاکستان نے طالبان کو بتا دیا کہ مذاکرات کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، عبداللہ عبداللہ
اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کا کہنا ہے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات جلد ہوں گے۔ مذاکرات پاکستانی حکام کے کہنے پر ہو رہے ہیں۔ ادھر امریکا نے طالبان اور افغان حکومت کے مذاکرات کی حمایت کر دی۔  افغان چیف ایگزیکٹو کے دفتر کے ایک اہلکار کے مطابق انہوں نے کابینہ کے ارکان کو بتایا کہ پاکستانی حکام نے طالبان کو افغان حکومت سے امن مذاکرات شروع کرنے کا کہا تھا۔ عبداللہ عبداللہ نے کہا پاکستانی حکام نے طالبان سے کہا کہ اب انکے پاس افغان حکومت سے مذاکرات کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ چیف ایگزیکٹو نے کہا حکومت افغان عوام کو طالبان سے مذاکرات میں پیش رفت سے آگاہ کرتی رہے گی۔ گذشتہ ہفتے صدر اشرف غنی نے بھی افغان حکومت اور طالبان میں جلد مذاکرات کا اشارہ دیا تھا۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے دارالحکومت واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکا طالبان اور افغان حکومت کے مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا افغان صدر اشرف غنی اور پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے امریکا کے طالبان سے بلواسطہ یا براہ راست مذاکرات کی تردید کی۔

دیگر ذرائع کے مطابق افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات جلد ہوں گے، یہ مذاکرات صرف افغانستان کی بہتری اور استحکام کیلئے ہوں گے، 13 سال سے ملنے والی کامیابیوں پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات خطے میں امن اور استحکام کی خاطر کر رہے ہیں۔ افغان طالبان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں امریکہ نے مثبت اشارہ دیا ہے اور امن عمل پر لچک کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہم افغانستان میں امن اور تعمیر و ترقی چاہتے ہیں، پورے خطے میں امن کیلئے ضروری ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو اور پورے خطے کا امن افغانستان کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ افغان عوام کو بھی آگاہ کرینگے۔ انہوں نے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے بیان ’’افغانستان کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں‘‘ کو خوش آئند قرار دیا۔ ادھر طالبان نے عبداللہ عبداللہ کے بیان کو مسترد کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 442682
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش