QR CodeQR Code

کراچی چیمبر آف کامرس کاسڑکوں پر دھرنوں اور احتجاج پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ

24 Feb 2015 22:08

اسلام ٹائمز: سراج قاسم تیلی نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسا قانون پاس کیا جائے جس کے تحت کراچی کی سڑکوں پر احتجاج اور دھرنوں پر سختی سے پابندی عائد کی جائے تاکہ کراچی کے شہریوں کو کسی حد تک ریلیف حاصل ہو سکے۔ انہوں نے تجویز دی کہ جس نے بھی احتجاج کرنا ہو یا دھرنا دینا ہو ان کے لیے ہر ضلع میں 2 مقامات کو مخصوص کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ بزنس مین گروپ (بی ایم جی) کے چیئرمین اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے سابق صدر سراج قاسم تیلی اور کے سی سی آئی کے صدر افتخار احمد وہرہ نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کراچی شہر کی سڑکوں پر روز ہونے والے احتجاج اور دھرنوں پر سختی سے پابندی عائد کی جائے۔ کراچی چیمبر سے جاری ایک بیان میں سراج قاسم تیلی اور افتخار احمد وہرہ نے کہاکہ شہر قائد میں دھرنے اور احتجاج روز کا معمول بن گئے ہیں جس سے پورے شہر میں ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوجاتی ہے اور ہزاروں شہری جو گھنٹوں ٹریفک جان میں پھنسے رہتے ہیں انہیں شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے سیاستدان اور حکومتیں ہمیشہ اپنے احتجاج کے حق کی بات تو کرتے ہیں ان ہزاروں شہریوں کے حقوق کا کیا ہوگا جو احتجاج و دھرنوں کی وجہ سے ہر روز کراچی کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام سے متاثر ہوتے ہیں۔ سراج قاسم تیلی نے سوال کیا کہ احتجاج و دھرنوں کے باعث ٹریفک جام سے متاثر ہونے والے شہریوں کے کوئی حقوق نہیں؟ انہوں نے کہا کہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ ایسے احتجاج و دھرنوں میں بمشکل 25 سے 30 افراد یا اس سے تھوڑے زیادہ کراچی کی سڑکوں پر احتجاج کرتے نظر آتے ہیں جبکہ ہزاروں شہری کئی گھنٹوں تک بدترین ٹریفک جام کا شکار رہتے ہیں۔

سراج قاسم تیلی نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسا قانون پاس کیا جائے جس کے تحت کراچی کی سڑکوں پر احتجاج اور دھرنوں پر سختی سے پابندی عائد کی جائے تاکہ کراچی کے شہریوں کو کسی حد تک ریلیف حاصل ہو سکے۔ انہوں نے تجویز دی کہ جس نے بھی احتجاج کرنا ہو یا دھرنا دینا ہو ان کے لیے ہر ضلع میں 2 مقامات کو مخصوص کیا جائے جس میں پارک اور گراؤنڈز کو بھی مختص کیا جاسکتا ہے مگر سڑکوں پر احتجاج اور دھرنوں کی کسی صورت اجازت نہ ی جائے۔ چیئرمین بی ایم جی نے کراچی شہر کی انتظامیہ، پولیس و رینجرز کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ خاموش تماشائیوں کی طرح کھڑے رہتے ہیں اور ہزاروں مسافروں کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے کچھ بھی نہیں کرتے۔ انہوں نے اکثر اوقات ٹریفک جام میں پھنسے شہری جرائم پیشہ افراد کی لوٹ مار کا شکار ہو جاتے ہیں جو ٹریفک جام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لوگوں کو لوٹ کر موٹر سائیکل یا پیدل بلا خوف و خطر فرار ہوجاتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 442860

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/442860/کراچی-چیمبر-آف-کامرس-کاسڑکوں-پر-دھرنوں-اور-احتجاج-پابندی-عائد-کرنے-کا-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org