0
Wednesday 25 Feb 2015 18:50

پنجاب حکومت دہشت گردوں اور کالعدم تنظیموں کی سرپرستی بند کرے،صاحبزادہ حامد رضا

پنجاب حکومت دہشت گردوں اور کالعدم تنظیموں کی سرپرستی بند کرے،صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے سنی علما بورڈ کے زیراہتمام علما کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ اور حکومت صرف زبانی جمع خرچ کر رہی ہے، طالبان، القاعدہ اور داعش کو اسلام دشمن قوتوں کی پشت پناہی حاصل ہے، یہودی لابی حرمین شریفین کے گرد اپنے اکتیس اڈے قائم کر چکی ہے، ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے آئینی ترمیم لانے کا فیصلہ خوش آئند ہے، سینیٹ کے الیکشن میں ضمیر کا سودا کرنے والے ممبران اسمبلی کو سیاست بدر کیا جائے، گیس اور بجلی کے بعد پانی کا بحران آنے والا ہے، موجودہ حکمرانوں کے پاس ملک چلانے کی صلاحیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کے استحکام کیلئے ہارس ٹریڈنگ کا خاتمہ ضروری ہے، حکمران ہر منافع بخش کاروبار کو اپنی ملکیت بنانا چاہتے ہیں، پاکستان کے عوام غریب اور اس کے لیڈرز امیر ہیں۔ جلال آباد میں قائم بھارتی قونصل خانہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث ہیں۔ منی لانڈرنگ کے مجرم کا ملک کا وزیر اعظم ہونا بد قسمتی ہے۔ پاکستانی سرمایہ تیزی سے بیرون ملک منتقل کیا جا رہا ہے۔ حکمران اپنے اور اپنے بیٹوں کے اثاثے پاکستان منتقل کریں۔ سٹیٹس کو کی حامی پارٹیاں پاکستان کی ترقی کے راستے میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم پاکستانی مسلسل بارہ سال سے آگ و خون کے کھیل میں جل مر رہے ہیں، عالمی طاقتیں پاکستان میں اپنی پراکسی وار بند کریں۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ انتخابی طریقہ کار کی اصلاح کیلئے آئینی ترامیم ضروری ہیں، تحریک طالبان بیرونی امداد کے بغیر ایک دن بھی قائم نہیں رہ سکتی، حکومت دہشت گردوں کے بیرونی رابطے اور فنڈنگ کا راستہ روکنے کیلئے اقدامات کرے۔ نسل در نسل حکمرانی کرنے والوں نے ملک کو تباہ کر دیا ہے، سوئس بینکوں میں پڑے لوٹ مار کے اربوں روپے واپس لائے جائیں، حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کراچی کے چھوٹے بڑے پچاس ہزار صنعتی یونٹس بند ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام کیلئے کراچی میں قیام امن ضروری ہے، کراچی میں غیر ملکی ایجنسیوں کے نیٹ ورک کا صفایا کرنے کی ضرورت ہے، پنجاب حکومت دہشت گردوں اور کالعدم تنظیموں کی سرپرستی بند کرے، بعض وزراء ہر وقت دہشت گرد تنظیموں کے رابطے میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء اہل سنت کے خلاف جھوٹے مقدمات ختم نہ ہوئے تو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہو جائیں گے، پنجاب حکومت لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی آڑ میں علما کی توہین کر رہی ہے جسے کسی طور برداشت نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی درودو سلام پر پابندی قبول کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 443090
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش