QR CodeQR Code

جنوبی پنجاب کے آئمہ مساجد کے دہشت گردوں کیساتھ روابط کا انکشاف

26 Feb 2015 13:25

اسلام ٹائمز:محکمہ داخلہ نے ملک بھر کی مساجد کا سروے شروع کرا دیا ہے جس میں مساجد کے اماموں کے کوائف جمع کئے جائیں گے اور شناختی کارڈ نہ رکھنے والے اماموں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ ملک میں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر تیزی سے عمل جاری ہے۔ اس حوالے سے ملک بھر میں موجود تمام مکاتب فکر کی مساجد کا سروے کیا جا رہا ہے اور ان مساجد میں پیش امام کے فرائض سرانجام دینے والوں کے کوائف بھی جمع کئے جا رہے ہیں۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سروے کے دوران اس بات کو مدنظر رکھا جائیگا کہ کس فرقہ کی کتنی مساجد ہیں اور ان مساجد میں موجود پیش امام کا تعلق کس علاقے سے ہے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ حالیہ دنوں ملک میں ہونیوالے دہشت گردی کے واقعات میں بعض مساجد کے پیش اماموں نے بھی معاونت کی ہے جبکہ آرمی پبلک سکول پشاور پر حملہ کرنیوالے دہشت گرد بھی ایک مسجد کے پیش امام کے گھر میں قیام پذیر رہے ہیں۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ جنوبی پنجاب کے بعض اہم شہروں میں موجود مساجد کے پیش اماموں کا کالعدم تنظیموں سے تعلق ہے اور ان کے پاس کالعدم تنظیموں کے لوگوں کا آنا جانا بھی ہے۔ جس پیش امام کے پاس شناختی کارڈ موجود نہیں ہو گا اس کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ سپیشل برانچ کی خصوصی ٹیموں کی ڈیوٹی لگا دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقے میں قائم مساجد کا سروے کریں  اور مکمل کوائف محکمہ داخلہ کو بھجوائیں۔ محکمہ داخلہ ملنے والی معلومات کی روشنی میں دہشت گردوں کے حامی پیش نمازوں کے خلاف مزید کارروائی کرے گا۔


خبر کا کوڈ: 443328

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/443328/جنوبی-پنجاب-کے-ا-ئمہ-مساجد-دہشت-گردوں-کیساتھ-روابط-کا-انکشاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org