0
Thursday 26 Feb 2015 18:33

حکومت دہشتگردوں کو چھوڑ کر علماء اہلسنّت کے پیچھے پڑ گئی ہے، صاحبزادہ حامد رضا

حکومت دہشتگردوں کو چھوڑ کر علماء اہلسنّت کے پیچھے پڑ گئی ہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نون مذہبی انتہا پسندوں کی اتحادی ہے، حکمران خاندان اختیارات کا گھنٹہ گھر بن چکا ہے، آج کی جمہوریت سرمایہ داروں کی باندی بن چکی ہے، پارلیمنٹ میں سرمایہ داروں اور جاگیر داروں کا قبضہ ہے، نام نہاد جہادیوں نے کافر کم اور مسلمان زیادہ مارے ہیں، ملک تباہ ہو رہا ہے اور حکمرانوں کا خاندانی کاروبار ترقی کر رہا ہے، حکمران خاندان کا ہر فرد اقتدار میں شریک ہے، حکومت 2 سالوں میں اہم محکموں کے سربراہ بھی مقرر نہیں کرسکی اور ملک مستقل وزیر خارجہ سے بھی محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت دہشت گردوں کو چھوڑ کر علماء اہلسنّت کے پیچھے پڑ گئی ہے، شریف خاندان نے اپنی برادری کے افراد کو چن چن کر اہم عہدے دے دیئے ہیں، حکومت دہشت گردوں کو پناہ دینے والے مدارس کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہے۔
 
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ شیخو پورہ کے ایم این اے کو گلگت کا گورنر تعینات کرنا ناانصافی ہے، جمہوریت کو مخصوص خاندان کے چنگل سے آزاد کروانا ہوگا، غلام جمہوریت کو آزاد کروائے بغیر سیاسی نظام مستحکم نہیں ہوسکتا، عام آدمی کو بانجھ جمہوریت سے کچھ نہیں ملا۔ 2013ء میں دھاندلی کی تحقیقات نہ ہونے سے جمہوریت کمزور ہوئی ہے، ووٹوں کی چوری روکنے کیلئے انتخابی اصطلاحات کی ضرورت ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ہارس ٹریڈنگ نے جمہوریت کو ضمیر فروشی کی علامت بنا دیا ہے، دہشت گروں کیلئے جواز تلاش کرنے والے قومی مجرم ہیں، بھارت کے ہاتھوں میں کھیلنے والے دہشت گرد اسلام کے مجاہد نہیں اسلام کے باغی ہیں، سول گورننس مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، اس لئے سول ملٹری گورننس ناگزیر ہے، سیاسی پارٹیاں سرمایہ داروں کے شکنجے میں ہیں، کارکن صرف نعرے لگانے کیلئے رہ گئے ہیں، ملک کو مڈل کلاس قیادت کی ضرورت ہے، موجودہ حکمرانوں کے طرز عمل کی وجہ سے جمہوریت بدنام ہوئی ہے، نااہل حکمرانوں کی کشتی میں سوراخ ہوچکا ہے اور کسی بھی وقت حکومت کا دھرن تختہ ہوسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 443443
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش