QR CodeQR Code

سندھ پولیس ٹھوس ثبوت پیش نہ کرسکی، عزیر بلوچ کی حوالگی تاخیر کا شکار

6 Mar 2015 01:27

اسلام ٹائمز: لیاری گینگ وار کا مرکزی ملزم دبئی میں انٹرپول کی حراست میں ہے، اسے لینے کیلئے سندھ پولیس کی ٹیم دبئی میں موجود ہے، تاہم اماراتی عدالت میں جو ثبوت سندھ پولیس کی جانب سے پیش کئے گئے، اسے عدالت نے ناکافی قرار دیدیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ لیاری گینگ وار کے مرکزی ملزم عزیر بلوچ کو انٹرپول سے پاکستان کے حوالے کیے جانے کا معاملہ تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔ کراچی کے لیاری گینگ وار کا مرکزی ملزم عزیر بلوچ دبئی میں انٹرپول کی حراست میں ہے، جبکہ اسے لینے کے لیے پاکستان سے سندھ پولیس کی ٹیم اس وقت دبئی میں موجود ہے، لیکن عزیر بلوچ کی پاکستان حوالگی تاخیر کا شکار ہو رہی ہے۔ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ اماراتی عدالت نے عزیر بلوچ کے لیے فراہم کیے گئے ثبوتوں کو ناکافی قرار دے دیا ہے، جبکہ سندھ پولیس کی جانب سے پیش کردہ ثبوتوں میں پاکستان کی کسی عدالت کا فیصلہ نہیں ہے۔ میڈیا ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سندھ پولیس اماراتی عدالت میں ٹھوس ثوت فراہم کرنے میں ناکام ہے، جس کی بناء پر عزیر بلوچ کی حوالگی تاخیر کا شکار ہو رہی ہے۔ اماراتی عدالت کی جانب سے کیس کی آئندہ سماعت آئندہ ہفتے ہونے کا امکان ہے، جبکہ دوسری جانب سندھ پولیس نے عزیر بلوچ کے خلاف ثبوت مانگنے کے لیے وزارت داخلہ سے رابطہ کر لیا ہے۔ یاد رہے پاکستان کی جانب سے گئی ہوئی سندھ پولیس کی ٹیم کے ویزوں کی مدت بھی ختم ہو رہی ہے، جبکہ ویزوں کی مدت بڑھوانے کے لیے پولیس ٹیم نے وزارت خارجہ سے بھی رابطہ کیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 445215

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/445215/سندھ-پولیس-ٹھوس-ثبوت-پیش-نہ-کرسکی-عزیر-بلوچ-کی-حوالگی-تاخیر-کا-شکار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org