QR CodeQR Code

9 مارچ کو فیصل آباد میں احتجاجی دھرنے کا اعلان

طالبان پاکستان کے اندرونی اور امریکہ بیرونی دشمن ہے، صاحبزادہ حامد رضا

8 Mar 2015 10:52

اسلام ٹائمز: چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ امریکہ اور بھارت پاکستان کے امن و سلامتی کے درپے ہیں، طالبان پاکستان کے اندرونی اور امریکہ بیرونی دشمن ہے، پاکستان عالمی سازشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فیصل آباد میں انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس سے خطاب میں سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ علماء کی گرفتاریوں اور درود و سلام پر پابندی کے خلاف 9 مارچ کو فیصل آباد میں احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ پنجاب حکومت اذان کی آواز کو محدود کرنا چاہتی ہے، اہل حق دین کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اذان اور درود و سلام کی آواز کو دبانے کی کوشش کرنے والے حکمران خدا کی پکڑ سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات نے سیاسی نظام کی خامیاں آشکار کر دی ہیں، سینیٹ الیکشن میں جمہوری اقدار پامال کی گئیں، فاٹا کے سینیٹ الیکشن ملتوی کرنا قابل مذمت ہے، منافع بخش قومی اداروں کی نجکاری کا فیصلہ ملک دشمنی ہے، نام نہاد جہادی تنظیموں کا رخ مسلمانوں کی طرف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا بلدیاتی الیکشن کروانے کا حکم خوش آئند ہے، پاکستان کو ہر شعبہ میں اصلاحات کی ضرورت ہے، سیاسی نظام کی اصلاح نہ کی گئی تو قوم کا سیاست و جمہوریت پر اعتماد ختم ہوجائے گا، خاندانی اور موروثی سیاست ہر مسئلہ کی جڑ ہے، حقیقی جمہوریت کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ امریکہ اور بھارت پاکستان کے امن و سلامتی کے درپے ہیں، طالبان پاکستان کے اندرونی اور امریکہ بیرونی دشمن ہے، پاکستان عالمی سازشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے، پاکستان میں 66 سال سے انگریز کا قانون چل رہا ہے، انگریز کے قانون کو بدل کر قرآن و سنّت کا قانون نافذ کیا جائے، حکومت تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں واپس لانے کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اعلان کرے، افغان مہاجرین کو واپس افغانستان بھیجا جائے، آپریشن ضرب عضب کا دائرہ ملک بھر میں پھیلانے کی ضرورت ہے، عوام کی حکومت سے وابستہ توقعات پوری نہیں ہوسکیں، گندے سیاسی کلچر کو بدلنے اور انتخابی نظام میں ہر سطح پر اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات منافقانہ سیاسی رویوں کے شاہکار تھے، انتہا پسندی اور دہشت گردی امت مسلمہ کی کمزوری کا سبب ہے، بھارت کا جنگی جنون جنوبی ایشیا کے امن کیلئے خطرہ ہے، اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں بھارتی جنگی جنون کا نوٹس لے۔ اجلاس میں صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، صاحبزادہ حسن رضا، میاں فہیم اختر، علامہ حامد سرفراز، مفتی محمد رمضان جامی، قاری محمد امین رضوی، چودھری طارق طفیل، خرم شہزاد و دیگر نے بھی شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 445726

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/445726/طالبان-پاکستان-کے-اندرونی-اور-امریکہ-بیرونی-دشمن-ہے-صاحبزادہ-حامد-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org