QR CodeQR Code

سعودی عرب نے پاکستان کیلئے حج کوٹہ 20 فیصد کم کر دیا

9 Mar 2015 20:11

اسلام ٹائمز:وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ کوٹہ میں کمی کے بعد اس سال تقریباً ایک لاکھ 33 ہزار پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے جب کہ 50 فیصد عازمین حج نجی کمپنیوں اور باقی سرکاری سکیم کے تحت حج کی ادائیگی کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب نے رواں سال پاکستان کے لئے حج کوٹے میں 20 فیصد تک کمی کر دی ہے۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے رواں سال پاکستان کے لیے حج کوٹے میں 20 فیصد کمی کردی ہے جس کے بعد اس سال تقریباً ایک لاکھ 33 ہزار پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے جب کہ 50 فیصد عازمین حج نجی کمپنیوں اور باقی سرکاری سکیم کے تحت حج کی ادائیگی کریں گے۔ سردار یوسف کا کہنا تھا کہ اس سال عازمین حج کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی جب کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے بعد حج کرایوں میں بھی کمی کے لئے فضائی کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے جس میں کرایوں میں کمی سے عازمین حج کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال عازمین حج کا انتخاب پہلے آیئے اور پہلے پایئے کی بنیاد پر کیا گیا تھا تاہم اب قرعہ اندازی کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

دوسری  جانب مبصرین نے سعودی عرب کے اس اقدام پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب ویسے تو پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کا راگ الاپتا ہے جبکہ دوسری جانب جہاں حج کوٹہ میں کمی کر دی ہے وہیں سعودی عرب میں ملازمت کرنے والے پاکستانیوں کے ساتھ بھی امتیازی سلوک روا رکھے ہوئے ہے اور پاکستانیوں کو مختلف  حیلوں بہانوں سے تنگ کیا جاتا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ حکومت کو سعودی عرب کے دوہرے معیار کو ملحوظ رکھنا چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 446033

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/446033/سعودی-عرب-نے-پاکستان-کیلئے-حج-کوٹہ-20-فیصد-کم-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org