0
Wednesday 11 Mar 2015 11:31

نائن زیرو اور اس کے اطراف چھاپے اور کارکنوں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، الطاف حسین

نائن زیرو اور اس کے اطراف چھاپے اور کارکنوں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ نائن زیرو اور اس کے اطراف چھاپے اور بے گناہ کارکنوں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں تاہم عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنے جذبات قابو میں رکھیں اور پرامن رہیں۔ ایم کیو ایم کی جانب جاری اعلامیے کے مطابق رینجرز نے نائن زیرو کے قریب رہائش پذیر متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی بڑی ہمشیرہ سائرہ بیگم کے گھر پر بھی چھاپہ مارا اور تلاشی کے نام پر توڑ پھوڑ کی۔ سائرہ اسلم کئی امراض میں مبتلا اور نائن زیرو کے قریب ایک مکان میں بیوگی کی زندگی گزار رہی ہیں۔ الطاف حسین نے نائن زیرو اور اس کے اطراف میں گھروں پر چھاپوں، تلاشی اوربے گناہ کارکنوں و ذمہ داروں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سراسر ظلم قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رینجرز کے اعلیٰ حکام کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ان کی بھی ماں بہنیں ہیں، اگر خدانخواستہ سائرہ اسلم کو کچھ ہوا تواس کی تمام تر ذمہ داری رینجرز پر عائد ہوگی۔ الطاف حسین نے کہا کہ نائن زیرو، ان کی ہمشیرہ اور دیگر کارکنوں کے گھروں پر تلاشی کے نام پر دہشت گردی کے عمل کو فی الفور رکوایا جائے، جہاں تک رینجرز کے الزامات کا تعلق ہے تو اس کے بارے میں تمام تر تفصیلات سے جلد ہی آگاہ کیا جائے گا۔ الطاف حسین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے جذبات قابو میں رکھیں اور پرامن رہیں۔
خبر کا کوڈ : 446524
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش