0
Saturday 14 Mar 2015 23:09

پاکستان ممبئی حملے کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا وعدہ پورا کرے، امریکا

پاکستان ممبئی حملے کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا وعدہ پورا کرے، امریکا
اسلام ٹائمز۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان وعدے کے مطابق ممبئی حملے کے ملزمان اور ان کی مالی معاونت کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں تعاون کرے۔ واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ ممبئی حملہ کیس کے حوالے سے جاری قانونی کارروائی کے نتائج پر کچھ نہیں کہا جا سکتا، ہماری طرف سے حکومت پاکستان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ وعدے کے مطابق ممبئی حملے کے ملزمان اور ان کی مالی معاونت کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں تعاون کرے اور ہمیں امید ہے کہ پاکستانی حکومت اپنے اس عہد کی تکمیل کرے گی اور حملے میں ملوث تمام افراد کو سزا دے گی۔ جین ساکی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ممبئی حملے کے مرکزی ملزم کی رہائی کے حکم کی رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں، تاہم ملزم کو ابھی رہا نہیں کیا گیا اور وہ قید میں ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ روز ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی نظربندی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دیا تھا اور آج انہیں اڈیالہ جیل سے رہا کیا جانا تھا تاہم محکمہ داخلہ پنجاب نے ملزم کو مزید ایک ماہ نظر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے، انسداد دہشت گردی عدالت نے ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کو ضمانت پر رہا کر رکھا تھا تاہم حکومت نے نقص امن کے تحت انہیں نظربند کر دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 447501
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش