0
Monday 16 Mar 2015 17:09

ایم کیو ایم قانون نافذ کرنے والے کسی بھی ادارے سے محاذ آرائی نہیں چاہتی، الطاف حسین

ایم کیو ایم قانون نافذ کرنے والے کسی بھی ادارے سے محاذ آرائی نہیں چاہتی، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے کسی بھی ادارے سے محاذ آرائی نہیں چاہتے، اور رینجرز و پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے محاذ آرائی کا درس دینے والوں کا ایم کیو ایم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم میں کسی قسم کا کوئی عسکری ونگ نہیں ہے، کروڑوں عوام کی اس منتخب نمائندہ جماعت میں اگر چند افراد نے قانون کو ہاتھ میں لیا ہے، تو یہ ان کا ذاتی فعل تھا، پارٹی کی پالیسی کا حصہ ہرگز نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم عدم تشدد پر یقین رکھتی ہے، ایم کیو ایم جمہوری، لبرل اور پروگریسیو خیالات رکھنے والی ایسی جماعت ہے، جو قومیت، نسل، زبان، ثقافت، صوبے، جنس، مسلک اور مذہب سے بالاتر ہو کر سب کے ساتھ یکساں سلوک پر یقین رکھتی ہے، اور ان سب کے حقوق کے حصول کے لئے آئینی، قانونی اور پرامن جمہوری جدوجہد کر رہی ہے۔

الطاف حسین نے کہا کہ مجھے اطلاع ملی ہے کہ کچھ عناصر سوشل میڈیا پر خود کو ایم کیو ایم کا ظاہر کرکے پولیس اور رینجرز اہلکاروں سے محاذ آرائی کے پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں، لیکن میں واضح اور دوٹوک الفاظ میں ایک بار پھر ایم کیو ایم کے تمام نظریاتی ذمہ داران اور کارکنان کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ ایم کیو ایم قانون نافذ کرنے والے کسی بھی ادارے سے محاذ آرائی نہیں چاہتی، بلکہ اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن احتجاج اور ایسے جلسے جلوس کرنے پر یقین رکھتی ہے، جن میں تشدد کا زیرو فیصد بھی عمل دخل نہ ہو۔ قائد ایم کیو ایم نے تحریک کے تمام ذمہ داران اور کارکنان سے کہا کہ جو لوگ سوشل میڈیا پر رینجرز اور پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے محاذ آرائی کا درس دے رہے ہیں، ان کا ایم کیو ایم سے کوئی تعلق نہیں، ایسے عناصر کا یہ عمل ایم کیو ایم کو بدنام کرنے کی سازش کا تسلسل ہے۔
خبر کا کوڈ : 447885
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش