0
Monday 16 Mar 2015 19:36

حکمران قوم کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتے تو حکومت چھوڑ دیں،صاحبزادہ حامد رضا

حکمران قوم کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتے تو حکومت چھوڑ دیں،صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سانحہ یوحنا آباد پر منعقدہ احتجاجی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کی فضاء خراب نہیں ہونے دیں گے۔ یوحنا آباد دھماکے حکومتی نا اہلی کا کھلا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن کیلئے رینجرز کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ سیاسی جماعتیں مجرموں اور قاتلوں کی پشت پناہی چھوڑ دیں، فوج پر تنقید ناقابل برداشت ہے، نائن زیرو پر رینجرز کے آپریشن کو سیاسی کھیل نہیں بننا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایمبولینسوں کے ذریعے اسلحہ کی ترسیل خوفناک جرم ہے، دھمکیوں کے باوجود یوحنا آباد کی سیکیورٹی کا بندوبست نہ کیا گیا جس کی وجہ سے سانحہ رونما ہو گیا، حکومت امن قائم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے، حکمران قوم کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتے تو حکومت چھوڑ دیں۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کراچی کو مسلح مافیاز نے یرغمال بنایا ہوا ہے، پوری قوم دفاعی اداروں کی پشت پر کھڑی ہے، روشنیوں کے شہر کو تاریکیوں سے نجات دلانے کا وقت آ گیا ہے، سیکیورٹی فورسز پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہیں، لاہور میں جلاؤ گھیراؤ ہوتا رہا اور پولیس تماشائی بنی رہی، بندوق کو سیاست سے خارج کرنا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں تاخیر جمہوریت کے ساتھ مذاق ہے، پانی بحران سے نپٹنے کیلئے آبی ذخائر تعمیر کئے جائیں، پاکستان کو سیاسی و مذہبی ہر طرح کی دہشت گردی سے پاک کرنا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 447909
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش