QR CodeQR Code

سندھ حکومت نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی ازسر نو تحقیقات کیلئے 7 رکنی کمیٹی قائم کردی

17 Mar 2015 12:58

اسلام ٹائمز: کمیٹی کے اراکین میں ڈی آئی جی ایسٹ منیر احمد شیخ، رینجرز سندھ کے کرنل سجاد بشیر، ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر الطاف حسین، آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے نمائندے شامل ہیں، کمیٹی سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی تحقیقات 30 روز میں مکمل کرکے اپنی رپورٹ پیش کریگی۔


اسلام ٹائمز۔ سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی ازسر نو تحقیقات کیلئے سندھ حکومت نے ڈی آئی جی ریپیڈ رسپانس فورس (آر آر ایس) آفتاب پٹھان کی سربراہی میں 7 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے، محکمہ داخلہ سندھ نے کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق مذکورہ کمیٹی وفاقی وزارت داخلہ کے نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل کی سفارش اور آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی جانب سے لکھے گئے خط کے تحت قائم کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق کمیٹی کے اراکین میں ڈی آئی جی ایسٹ منیر احمد شیخ، رینجرز سندھ کے کرنل سجاد بشیر، ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر الطاف حسین اور انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی)، ملٹری انٹیلیجنس (ایم آئی) اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے نمائندے شامل ہیں۔ مذکورہ کمیٹی سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی تحقیقات 30 روز میں مکمل کرکے اپنی رپورٹ پیش کریگی۔ کمیٹی آرٹلری میدان تھانے میں درج مقدمہ نمبر 51/13 بجرم دفعہ 23-A(1) کے تحت مرتب کی گئی جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں ازسر نو تحقیقات کرے گی، کمیٹی کسی بھی افسر کو تحقیقاتی ٹیم میں شامل کر سکتی ہے، تاہم وہ افسر 18 گریڈ سے کم کا نہیں ہوگا۔ کمیٹی تحقیقات کے عمل میں شواہد جمع کرنے یا کسی اور مقصد کے سلسلے میں کسی بھی ایجنسی (قانون نافذ کرنے والے ادارے) سے بھی رابطہ کر سکتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 448090

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/448090/سندھ-حکومت-نے-سانحہ-بلدیہ-ٹاو-ن-کی-ازسر-نو-تحقیقات-کیلئے-7-رکنی-کمیٹی-قائم-کردی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org