0
Wednesday 18 Mar 2015 09:30

وزیر اعلٰی بھاری وفد لیکر فرانس ریکوڈک کا سودا کرنے گئے ہیں، بلوچستان اپوزیشن

وزیر اعلٰی بھاری وفد لیکر فرانس ریکوڈک کا سودا کرنے گئے ہیں، بلوچستان اپوزیشن
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان اسمبلی میں ریکوڈک پر مبینہ طور پر سودا بازی کے حوالے سے اپوزیشن اور حکومتی ارکان میں نوک جھوک رہی۔ اپوزیشن نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ غیر ضروری اور بھاری وفد لے کر ریکوڈک کا سودا کرنے گئے ہیں۔ جبکہ حکومتی ارکان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم وفاقی حکومت کے خرچے پر کمپنی سے مذاکرات کے لئے گئی ہے۔ اسپیکر جان محمد جمالی نے کہا کہ جب ٹیم واپس پہنچے گی تو اس سے صورتحال معلوم کی جائے گی۔ اسمبلی اجلاس کے دوران پوائنٹ آف آرڈر پر کہا کہ وزیراعلیٰ ایک بھاری وفد لے کر ریکوڈک کے مسئلہ پر غیر ملکی دورے پر گئے ہیں۔ جس پر بہت بڑی رقم خرچ ہوگی۔ ڈاکٹر حامد اچکزئی نے کہا کہ ریکوڈک ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔ اپوزیشن 15 سال سے اسمبلیوں میں تھی، کوئی بات نہیں کی۔ آج غیر ضروری طور پر مسئلے کو اٹھا رہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ ریکوڈک کے مسئلے پر جو وفد گیا ہے اگر وہ سیر کرنے گیا ہے تو اس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ تاہم عوامی نمائندے کی حیثیت سے اس حوالے سے معلومات حاصل کرنا اپوزیشن کا حق ہے۔ اتنے بھاری وفد کو غیر ضروری خرچے پر نہیں جانا چاہیے۔ کمپنی والوں کو یہاں بلا کر بات کرنی چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے خود کہا تھا کہ ریکوڈک اور سیندک کے مسئلوں پر یہاں کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کا مشترکہ اجلاس بلا کر ان کی رائے لیں گے۔ لیکن ایک سال ہوگیا آج تک کسی رکن اسمبلی کی رائے نہیں لی گئی اور نہ ہی اس حوالے سے اجلاس ہوا ہے۔

وفد کے جانے سے پہلے اگر وزیراعلیٰ ہمیں اعتماد میں لے لیتے اور ہم انہیں اپنے تجاویز دیتے تو اس میں کیا قباحت ہوتی۔ عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ ریکوڈک وفاقی اور حکومت بلوچستان کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ وفاقی حکومت کے خرچے پر وفد وہاں گیا ہے۔ چونکہ مسئلہ مصالحتی عدالت میں ہے کمپنی نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ عدالت سے باہر بیٹھ کر اس مسئلے کا حل نکالے، جس پر مذاکرات کے لئے وفد گیا ہے۔ جب وفد واپس آئے گا تو وہ مکمل صورتحال سے ایوان کو آگاہ کریں گے۔ موجودہ حکومت عوام اور پارلیمنٹ کی مرضی کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کرے گی۔ عوامی مفادات کو دیکھ کر فیصلے کئے جائیں گے۔ ریکوڈک سمیت اگر کسی بھی مسئلے پر ہم کمزوری یا غلطی کریں گے تو اپوزیشن ہمیں بتائے۔ اپوزیشن کی تعمیری تنقید کو ہم تہہ دل سے قبول کریں گے۔ جس کے بعد اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردیا۔
خبر کا کوڈ : 448215
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش