0
Friday 20 Mar 2015 14:32

کراچی میں برہانی مسجد کے باہر نماز جمعہ کے بعد بم دھماکہ، ایک نمازی شہید، خاتون سمیت 10 افراد زخمی

کراچی میں برہانی مسجد کے باہر نماز جمعہ کے بعد بم دھماکہ، ایک نمازی شہید، خاتون سمیت 10 افراد زخمی
اسلام ٹائمز۔ کراچی کے علاقے آرام باغ پاکستان چوک میں برہانی مسلک کی صالح مسجد کے مین گیٹ کے قریب کھڑی موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد کے دھماکے سے ایک نمازی شہید اور خاتون سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو برہانی اور سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں چار زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق مسجد میں نماز کی ادائیگی کے بعد نمازی باہر آرہے تھے کہ اس دوران ایک بج کر پچاس منٹ پر دھماکہ ہوگیا جس سے کئی نمازی زخمی ہوگئے جبکہ دھواں پھیل گیا، گیٹ کے قریب کھڑی موٹرسائیکلیں گرگئیں۔ مقامی پولیس نے کہا کہ مسجد کے گیٹ پر کھڑی موٹر سائیکل میں بارودی مواد نصب کیا گیا تھا جس سے دھماکہ کیا گیا جبکہ ڈی آئی جی خالد شیخ نے کہا کہ دھماکہ کرنے کے لیے ٹائم ڈیوائس کا استعمال کیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں کہاہے کہ دھماکے میں تین سے ساڑھے تین کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیاا ور اِس میں نٹ بولٹ اور چھرے بھی استعمال کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی حکام اور تحقیقاتی ادارے کراچی کے گنجان آباد علاقے میں واقع مسجد کے باہر جائے دھماکہ پر پہنچ گئے اور جائے دھماکہ کو سیل کرکے شہریوں کو دور رہنے کی ہدایت کردی گئی جبکہ شواہد اکٹھے کیے۔
خبر کا کوڈ : 448860
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش