0
Friday 20 Mar 2015 23:27

کراچی میں ہڑتالوں اور یوم سوگ کے موقع پر نجی و سرکاری اسکول بند نہ کرنے پر اتفاق

کراچی میں ہڑتالوں اور یوم سوگ کے موقع پر نجی و سرکاری اسکول بند نہ کرنے پر اتفاق
اسلام ٹائمز۔ محکمہ تعلیم سندھ نے نجی اسکولوں کی ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتالوں اور یوم سوگ کے مواقع پر تعلیمی ادارے از خود بند کرنے کے فیصلے کا نوٹس لے لیا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں اسکول انجمنوں کو آئندہ کسی غیر یقینی صورتحال میں اسکول بند کرنے کے از خود اعلان نہ کرنے کا پابند کر دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز منسوب صدیقی کے مطابق اس حوالے سے نجی اسکولوں کی انجمنوں کے بعض نمائندوں کی باز پرس کی گئی ہے، ان سے کہا گیا کہ آئندہ ایسی صورتحال میں صرف محکمہ تعلیم کے پاس ہی تعلیمی ادارے بند کرنے کا اختیار ہوگا۔ محکمہ تعلیم کے اعلامئے کے مطابق محکمہ تعلیم اور پرائیویٹ اسکولوں کی انجمنوں کے درمیان ہڑتالوں اور یوم سوگ کے موقع پر شہر میں نجی اور سرکاری اسکول بند نہ کرنے پر اتفاق کر لیا گیا ہے، نجی اسکولوں کی انجمنوں اور انتظامیہ سرکاری پالیسی پر عمل کی پابند ہونگی، یہ اتفاق سینئر وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو کی صدارت میں پرائیویٹ اسکولوں کی انجمنوں کے رہنماؤں کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں نجی اسکولوں کی انجمنوں کے رہنماؤں خالد شاہ، شرف الزماں سمیت دیگر رہنماؤں اور ڈی جی پرائیویٹ اسکولز منسوب صدیقی نے شرکت کی۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے تحفظ کے لئے رینجرز، پولیس اور حکومت ایک ساتھ ہیں، اور کسی بھی جماعت کے احتجاج یا ہڑتال کے اعلان پر تعلیمی ادارے بند نہیں کرنا چاہتے، حالات کیسے بھی ہوں تدریسی عمل ہر صورت جاری رہنا چاہیے، اور ہڑتال کا اعلان کرنے والوں سے بھی یہ ہی امید کرتے ہیں کہ و ہ بچوں کی تعلیم متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تعلیمی اداروں کے تحفظ کے لئے کوشاں ہیں، اس لئے یوم سوگ یا ہڑتالوں پر نجی و سرکاری اسکول بند نھیں ہونے چاہئیں، کوئی بھی پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن اسکول بند ہونے کے متعلق بیان نہیں دے گی، انھیں محکمہ کی پالیسی کا انتظار کرنا پڑے گا، اور سرکاری پالیسی آنے کے بعد نجی اسکولز اور نجی اسکولوں کی انجمنیں اس پر عمل کی پابند ہوں گی، زبردستی اسکولز بند کرانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 448980
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش