0
Saturday 21 Mar 2015 18:25

مرکزی قیادت کے حکم پر متحدہ کو حکومت میں شامل کرنے کا فیصلہ ملتوی کیا، قائم علی شاہ

مرکزی قیادت کے حکم پر متحدہ کو حکومت میں شامل کرنے کا فیصلہ ملتوی کیا، قائم علی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں متحدہ قومی موومنٹ کو حکومت میں شامل کرنے کے فیصلے کو مرکزی قیادت کے حکم پر ملتوی کر دیا گیا ہے، کراچی بم دھماکے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ جیکب آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ایم کیو ایم پر لگے الزامات کی تحقیقات مکمل ہونے تک ان سے کوئی مذاکرات نہیں ہونگے، ملک میں پھیلی دہشت گردی اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے مکمل خاتمے کیلئے حکومت تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے، جسے وفاقی حکومت کا بھی مکمل تعاون حاصل ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سینیٹ انتخابات سے قبل متحدہ کو حکومت میں شامل کرنے کیلئے مذاکراتی عمل جاری تھا، لیکن موجودہ سیاسی صورتحال اور ایم کیو ایم پر لگے سنگین الزامات کے پیش نظر پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے تحقیقات مکمل ہونے تک مذاکرات ختم کئے ہیں۔

قائم علی شاہ نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کو غیر سیاسی بنیاد پر کارروائیاں کرنے کیلئے مضبوط کیا گیا ہے، تاکہ امن و امان کا قیام ممکن بنایا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں کافی حد تک ٹارگٹ کلنگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ قبل از ایں خیرپور میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، دہشتگردی کے بڑے واقعات بند ہو گئے ہیں، جس کا سہرا پیپلز پارٹی کو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پُرامن اور سازگار ماحول کیلئے جو اقدامات ہو سکتے تھے وہ کئے، تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ کیا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 449124
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش