0
Sunday 22 Mar 2015 01:15

جشن نوروز ڈی آئی خان میں انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا

جشن نوروز ڈی آئی خان میں انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں جشن نوروز انتہائی پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ شب نوروز کو شب چراغاں کے طور پر منایا گیا۔ جشن نوروز کا باقاعدہ آغاز فجر کی اذان سے قبل مساجد، امام بارگاہوں میں خصوصی اعمال سے کیا گیا۔ جس میں اہل تشیع مسلک سے تعلق رکھنے والوں نے نوافل ادا کیں اور عبادات سرانجام دیں۔ عبادات کے بعد ملک کی تعمیر و ترقی، ڈی آئی خان سمیت ملک بھر میں پائیدار قیام امن اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ صبح سات بجے جامع مسجد شیعہ لاٹو فقیر میں ایک مختصر جلسہ کے اندر ’’نوروز دا روز آیا ہے، اج خوشیاں رنگ دیکھایا ہے‘‘ ’’ہووے مبارک مومنوا‘‘ سے مبارکباد کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر لوگوں نے عرق گلاب،گلاب کی پتیوں، سبز بیر ملا پانی ایک دوسرے پر پھینک کے خوشی کا اظہار کیا۔ جامع مسجد سے مبارکباد کے چار مختلف جلوس برآمد ہوئے۔ جن کے ساتھ پولیس کی بھاری نفری سکیورٹی کی غرض سے تعینات تھی۔ یہ چاروں جلوس شہر کے مختلف علاقوں سے گزر کر نماز ظہرین کے وقت واپس جامع مسجد یاعلی(ع) میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔ خوشی کے موقع پر شہر میں نیاز و لنگر کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ شہر میں موٹرسائیکل کی سوار ی پر پابندی عائد تھی، تاہم انتظامیہ نے اس حوالے سے شہریوں کے ساتھ سختی نہیں برتی۔ سہ پہر کے وقت جامع مسجد میں جلسے کا آغاز ہوا، جس میں علماء کرام، ذاکرین نے فضائل محمدو آل محمد (ص) پر روشنی ڈالی۔ نماز مغرب کے وقت جلسہ کے اختتام پذیر ہونے کے ساتھ جشن نوروز کا باقاعدہ اختتام کیا گیا۔ بلاشبہ جشن نوروز شہر میں خوشی کا وہ خاص تہوار ہے، جس میں اتحاد بین المسلمین کا فقید المثال نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 449211
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش