0
Tuesday 24 Mar 2015 14:24

عراق، دھماکوں میں 19 افراد ہلاک، فورسز کی کارروائیوں میں 536 داعش دہشتگرد ہلاک

عراق، دھماکوں میں 19 افراد ہلاک، فورسز کی کارروائیوں میں 536 داعش دہشتگرد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ عراق کے دارالحکومت بغداد میں تین بم دھماکوں میں 19 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ 36 زخمی ہو گئے، زخمیوں میں سے بعض کی حالت نازک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلا دھماکہ بغداد کے علاقے حبیبہ کی مین مارکیٹ میں ہوا، جس میں 9 افراد مارے گئے اور 22 زخمی ہوئے۔ دوسری جانب طرابیہ کے علاقے میں ایک سبزی منڈی میں ہونے والے دھماکے میں 6 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے۔ شمالی بغداد میں وزارت داخلہ کی انٹیلی جنس برانچ کی عمارت کے قریب بم دھماکہ ہوا، جس میں 4 افراد مارے گئے۔ فوری طور پر کسی گروہ نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ یاد رہے کہ یہ دھماکے ایسے وقت پر ہوئے ہیں، جب عراقی فوج تکریت شہر کو داعش کے قبضے سے چھڑانے کیلئے ایک بڑے آپریشن کی تیاری کر رہی ہے۔ ادھردہشت گرد تنظیم داعش نے چند ماہ قبل عراق کے علاقے کوہ سنجار پر حملہ کر کے یزدی برادری کے سیکڑوں افراد کو قتل جبکہ عورتوں اور بچیوں کو یرغمال بنا لیا تھا، ان میں سے کچھ افراد کو رہا کرا لیا گیا، تاہم 3 ہزار سے زائد خواتین اب بھی جنگجوؤں کی قیدمیں اپنی رہائی کی منتظر ہیں۔

دریں اثنا عراق کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے جاری کارروائیوں میں داعش کے سیکڑوں ارکان کوہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بغداد کے آپریشنل کمانڈر عبدالامیر الشمری نے کہا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران مغربی عراق کے صوبے الانبار کے مختلف علاقوں خاص طور سے شہر فلوجہ کے علاقے الکرمہ کے مشرقی مضافاتی علاقوں کو آزاد کرانے کیلئے عراقی سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 536 داعش دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ اس گروہ کی 51 فوجی گاڑیوں اور اکیاسی ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ الکرمہ کے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آزاد ہونے والے علاقوں میں واپس لوٹ آئیں، دوسری جانب عراق کی سیکورٹی فورسز نے صوبے الانبار کے صدر مقام الرمادی کے مشرق میں واقع السنجاریہ نامی علاقے کو آزاد کرا لیا۔ عراقی سیکورٹی فورسز نے اس علاقے میں گھروں میں بچھائی جانے والی بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنا کر علاقے میں امن قائم کر دیا۔ عراقی حکام کے مطابق صلاح الدین میں سیکورٹی فورسز، تکریت کے اطراف میں تعینات ہے۔
خبر کا کوڈ : 449700
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش