QR CodeQR Code

کراچی آپریشن کسی سیاسی جماعت کیخلاف نہیں، وزیراعظم نواز شریف

25 Mar 2015 16:17

اسلام ٹائمز: کراچی اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کراچی آپریشن تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر شروع کیا گیا، وہ وقت جلد ہی آنے والا ہے کہ جب شہر قائد سے جرائم کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی کو دوبارہ روشنیوں کو شہر بنانا ہے تو یہاں آپریشن بہت ضروری ہے۔ کراچی اسٹاک ایکسچینج میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کمپنیوں کو ایوارڈز دینے کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کراچی میں آپریشن کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے، آپریشن تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر شروع کیا گیا اور اسی کی وجہ سے شہر میں جرائم پر قابو پانے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت جلد ہی آنے والا ہے کہ جب شہر قائد سے جرائم کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا، کیونکہ کراچی کو بڑھنا ہے تو یہاں امن بہت ضروری ہے، اس کے بغیر خوشحالی نہیں آسکتی، اور کراچی میں ترقی نہیں ہوگی تو پاکستان میں بھی ترقی نہیں ہوگی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں، ہمیں سخت محنت کرکے ملک کو مشکلات سے نکالنا ہوگا، حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے ہر ذریعہ استعمال کر رہی ہے۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 449982

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/449982/کراچی-آپریشن-کسی-سیاسی-جماعت-کیخلاف-نہیں-وزیراعظم-نواز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org