0
Thursday 26 Mar 2015 23:41

کراچی میں ایم کیو ایم کا ٹی وی چینل ARY کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

کراچی میں ایم کیو ایم کا ٹی وی چینل ARY کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام ایم کیو ایم کے میڈیا ٹرائل پر صدر میں واقع پاکستانی نجی ٹی وی چینل اے آر وائے (ARY) کے دفتر کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے جوائنٹ انچارج ڈاکٹر نصرت شوکت، کہف الوریٰ، اراکین رابطہ کمیٹی ڈاکٹر محمد فاروق ستار، حیدر عباس رضوی، عارف خان ایڈوکیٹ، ارم عظیم فاروقی، ممتاز انور، سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے ارکان، سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی، سینیٹر خوش بخت شجاعت، سینیٹر نگہت مرزا حنا، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت تنظیمی شعبہ جات کے مرکزی و ذیلی ذمہ داران اور مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کرکے اے آر وائے (ARY) کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر شرکائے احتجاج نے اپنے ہاتھوں میں احتجاجی بینرز اور پلے کارڈز تھامے ہوئے تھے، جن پر ”سپوت گھٹیا خاندان مبشر لقمان، درباری صحافت نامنظور، بازاری صحافت نامنظور، میڈیا رہو عدالت نہ بنو، We Want Justice، Down With ARY، آزادی اظہار یا شتر بے مہار سمیت دیگر نعرے درج تھے، جبکہ مظاہرین وقتاً فوقتاً اے آر وائے (ARY) کے اینکر پرسن مبشر لقمان کے خلاف اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے حق میں نعرے بلند کرتے رہے۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا احتجاج میڈیا میں موجود چند گندی مچھلیوں کے خلاف ہے، ARY نجی ٹی وی چینل پر ایم کیو ایم کے خلاف عدالت لگا کر چند بے ضمیر لوگ ایم کیو ایم کا میڈیا ٹرائل کر رہے ہیں۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ میڈیا پر ایم کیو ایم کے خلاف ہرزہ سرائی کرکے مبشر لقمان جیسے بے ضمیر لوگ اس مہذب شعبے کو بدنام کر رہے ہیں، مبشر لقمان زرد صحافت کا علمبردار اور تحریک انصاف کا سربراہ عمران خان ملک بھر کے پختونوں کی بدنامی کا سامان ہے، اگر میڈیا میں عدالتیں لگیں گی تو عوام سڑکوں پر اپنی عدالتیں لگائیں گے اور ہر کرپٹ، متعصب شخص کے خلاف اپنا فیصلہ سنائیں گے، لہٰذا ایم کیو ایم کا میڈیا ٹرائل فی الفور بند کیا جائے اور الطاف حسین کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔

متحدہ رہنماؤں نے کہا کہ ایم کیو ایم پر غیر اعلانیہ پابندی لگا کر کراچی پر طالبان اور اسکے سیاسی ونگ کو قابض کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، ایم کیو ایم میں کسی جرائم پیشہ شخص کی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کردار کشی کے بجائے حقائق عوام تک پہنچائے جائیں، کوئی مائنس الطاف حسین سازش میں کامیاب نہیں ہو سکتا، مہاجر زندہ قوم ہے، جس نے طالبان، انتہاپسندوں کا جرأت سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان آپریشن ضرب عضب میں طالبان کی شکست کے باعث ذہنی اذیت کا شکار ہو چکے ہیں، NA-246 کے ضمنی انتخابات میں عمران خان کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گے، عمران خان نے کراچی میں بسنے والوں کو زندہ لاشیں کہا، NA-246 کا ضمنی الیکشن ثابت کرے گا کہ کون زندہ اور کون مردہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 450217
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش