0
Friday 27 Mar 2015 22:51

پاکستان مشرق وسطی کی آگ کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرے، سراج الحق

پاکستان مشرق وسطی کی آگ کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خلیج میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں کہا ہے کہ امریکہ اور صیہونی قوتیں ایک بار پھر عالم اسلام کو میدان جنگ بنانا چاہتی ہیں۔ سرزمین حرمین شریفین کی حفاظت صرف سعودی عرب نہیں پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان اپنے روحانی مرکز کے تحفظ کیلئے کٹ مرنے کو اپنے لئے سعادت سمجھتے ہیں لیکن اس مسئلہ پر انتہائی احتیاط اور باہم گفت و شنید کی ضرورت ہے۔ عراق ایران جنگ کی طرح اب امریکہ ایران اور سعودی عرب میں جنگ چھیڑنا چاہتا ہے۔ عالمی طاقتیں عالم اسلام کو باہم دست و گریبان کرکے اپنا اسلحہ بیچنا اور ان کے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتی ہیں۔ دشمن کے ان ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پاکستان اس آگ کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرے۔

سراج الحق نے کہا کہ عالم اسلام کو اپنے مسائل مل بیٹھ کر باہمی گفت و شنید ہی سے حل کرنے چاہئیں اور عالم کفر کو ایسا موقع نہیں دینا چاہئے کہ وہ مسلم ممالک کے درمیان جنگ و جدل سے اپنے مفادات پورے کرسکے، انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل عالم اسلام کو کمزور کرنے اور اپنا اسلحہ بیچنے کیلئے عرب ممالک میں جنگ کی آگ بھڑکانے کے مکروہ منصوبے پر عمل پیرا ہے، ان حالات میں ضروری ہے کہ عالم اسلام کی قیادت مل بیٹھ کر اپنے اختلافات کو افہام و تفہیم سے حل اور باہمی رنجشوں کو دور کرے۔ قومی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر ملک میں نظام شریعت نافذ کردیا جائے تو تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم ؒ نے اپنے قریباً 114 خطابات میں پاکستان کا دستور قرآن اور خلافت کو ماڈل حکومت قرار دیا تھا، انہوں نے کہا کہ جو لوگ پاکستان میں سیکولر اور لادین نظام کی بات کرنے والے ہیں وہ پاکستان کے آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی جمہوریہ ہے، یہاں مذہب اور غیر مذہب اور مذہبی اور سیکولر کی تقسیم کرنا غیر آئینی اور دستور پاکستان کی غلط تعبیر ہے۔ حضور ﷺ سے محبت کا تقاضا ہے کہ پاکستان میں نظام مصطفے ٰ کا نفاذ ہو۔
خبر کا کوڈ : 450447
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش