QR CodeQR Code

سعودی عرب کے ڈیڑھ ارب ڈالر کے بدلے پاک فوج کو یمن بھیجنا ملک دشمنی ہے

یمن کا بحران شیعہ سنی کو لڑانے کی امریکی سازش ہے، صاحبزادہ حامد رضا

29 Mar 2015 23:33

اسلام ٹائمز: چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ حکمران سعودی خوشنودی کیلئے ملکی مفاد قربان نہ کریں، پاکستان یمن بحران کے حل کیلئے سفارتی کردار ادا کرے، شریف خاندان پر سعودی عرب کے احسانات کا قرض ریاست نہیں چکا سکتی، یمن میں فوج بھیجنے کے فیصلے پر مزاحمت کی جائے گی، پاکستانی حکومت پرائی جنگ میں کودنے سے گریز کرے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے مشرق وسطٰی کی صورتحال پر سنی اتحاد کونسل کی کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان پر سعودی عرب کے احسانات کا قرض ریاست نہیں چکا سکتی، یمن میں فوج بھیجنے کے فیصلے پر مزاحمت کی جائے گی، پاکستانی حکومت پرائی جنگ میں کودنے سے گریز کرے، یمن کے مسئلے کو فرقہ واریت کا رنگ نہ دیا جائے، مسلم حکمران یمن کے بحران کے حل کے لئے مصالحتی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ڈیڑھ ارب ڈالر کے بدلے پاک فوج کو یمن بھیجنا ملک دشمنی ہے، نواز شریف سعودی احسانات کا بدلہ چکانے کے لئے ملک کی سلامتی داؤ پر نہ لگائیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ امریکہ مشرق وسطٰی میں بدامنی پھیلا کر اسرائیل کے عزائم پورے کرنا چاہتا ہے، یمن کا بحران شیعہ سنی کو لڑانے کی امریکی سازش ہے، پاکستان پرائی لڑائی لڑنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے لئے آپریشن ضرب عضب دراصل ضرب غضب بن چکا ہے، حضور نبی اکرم ﷺ کی تلوار سے منسوب آپریشن ضرور کامیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کو بوڑھے مشیروں کے ذریعے چلایا جا رہا ہے، قوم کو حکمرانوں کے دعوے، وعدے اور نعرے نہیں بہلا سکتے، نالائق وزیروں کی چھٹی کروائی جائے، حکمران سعودی خوشنودی کے لئے ملکی مفاد قربان نہ کریں، پاکستان یمن بحران کے حل کیلئے سفارتی کردار ادا کرے۔


خبر کا کوڈ: 450794

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/450794/یمن-کا-بحران-شیعہ-سنی-کو-لڑانے-کی-امریکی-سازش-ہے-صاحبزادہ-حامد-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org