0
Monday 30 Mar 2015 18:38

پاکستان کو سازش کے تحت جنگی دلدل میں دھکیلا جا رہا ہے، علامہ اسدی

پاکستان کو سازش کے تحت جنگی دلدل میں دھکیلا جا رہا ہے، علامہ اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے صوبائی سیکرٹریٹ میں لاہور ڈویژن کے اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اُمت مسلمہ اغیار کی سازشوں کا ادراک کرے اور مسلم اُمہ میں خونریزی بند کروائے، یمن کے مسلمانوں کے لئے حرمین شریفین کی حرمت اتنی عزیز ہے جتنی دیگر مسلم ممالک کو ہے، اقتدار اور بادشاہت کی جنگ کو حرمین شریفین کے ساتھ جوڑ کر مسلمانوں کے جذبات سے نہیں کھیلنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس پراکسی وار سے دور رہ کر ثالثی کا کردار ادا کرے، پاکستان میں کالعدم جماعتوں کی جانب سے مسلمانوں کے جذبات بھڑکانے کا عمل بند ہونا چاہئے، مشرقی وسطیٰ کی اس پراکسی وار سے ہمیں دور رہنا ہو گا۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی سلامتی و استحکام کو سامنے رکھنا چاہیئے، تاریخ گواہ ہے کہ عرب ممالک نے اپنے مفادات کے لئے طالبان سمیت ہر انتہا پسند گروہ کی سرپرستی کی، وکی لیکس اور ہمارے انٹیلیجنس اداروں کی رپورٹس ہمارے سامنے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ ہمیں پاکستان کے لئے سوچنا ہو گا، پاکستان امت مسلمہ میں واحد ایٹمی ملک ہے، امریکہ، اسرائیل، بھارت کی یہی خواہش ہے کہ پاکستان کو اس دلدل میں دھکیلا جائے، حکمرانوں اور ریاستی اداروں نے دانشمندی کا ثبوت نہ دیا تو ملک کو ایک نہ ختم ہونے والے بحران سے دوچار ہونے سے کوئی بچا نہیں سکتاٍ۔ علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کا امتحان ہے کہ وہ اس بحران سے ملک کو بچانے اور امت مسلمہ کے درمیاں ہم آہنگی برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اجلاس میں علامہ سید احمد اقبال رضوی، علامہ ابوذر مہدوی، علامہ محمد اقبال کامرانی، عمران علی شیخ، سید اسد عباس نقوی، رانا ماجد علی، سید حسین زیدی اور زاہد حسین مہدوی نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 450945
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش