0
Tuesday 31 Mar 2015 18:36

انصاراللہ سعودی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی، ضعیف اللہ شامی

انصاراللہ سعودی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی، ضعیف اللہ شامی
اسلام ٹائمز۔ یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کمیٹی کے رکن ضیف اللہ شامی نے کہا ہے کہ انصاراللہ سعودی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی اور اس کی کاروائی کی گونج سعودی حکام اور شہزادوں کے محلوں کے اندر تک سنائی دے گی۔ انہوں نے ایک بیان میں المرزق کیمپ پر سعودی بمبار طیاروں کے وحشیانہ حملے کی مذمت کی اور کہا کہ سعودی طیاروں نے حج کیمپ پر جو اقوام متحدہ نے سن دوہزار سات میں ہونے والی جنگ کے بعد قائم کیا تھا حملہ کر کے اس میں موجود بے گناہ شہریوں کا قتل عام کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک جارحانہ اور سفاکانہ اقدام تھا اور یمن کی فوج اور انقلابی قیادت اس قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی۔ انصاراللہ کے اس سینیئر رہنما نے یہ بھی کہا کہ سعودی بمبار طیارے یمن کے نہتے عوام، اس ملک کے کارخانوں اور بنیادی تنصیبات پر حملہ کر کے عوام میں دہشت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یمنی عوام کے پاس بھی مقابلے کی بھرپور صلاحیت اور جوابی کاروائی کے متعدد آپشن موجود ہیں۔ اس کے علاوہ ضیف اللہ شامی نے عدن کی صورتحال پر کہا کہ اس وقت عدن شہر کے صرف ایک محدود علاقے پر انقلاب مخالف عناصر کا قبضہ ہے اور جنوبی یمن کو بہت جلد منصور ہادی کی حامی ملیشیا اور القاعدہ کے دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا جائیگا۔ یاد رہے کہ گذشتہ جمعرات سے سعودی عرب نے خلیج فارس تعاون کونسل کے بعض رکن ممالک کے تعاون سے یمن پر بمباری کا سلسلہ شروع کیا ہے جس میں اب تک درجنوں عام شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 451177
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش