0
Tuesday 31 Mar 2015 21:45

تکریت عراقیوں کے خون سے آزاد ہوا، عراقی وزیراعظم کیجانب سے شہر کی باضابطہ آزادی کا اعلان

تکریت عراقیوں کے خون سے آزاد ہوا، عراقی وزیراعظم کیجانب سے شہر کی باضابطہ آزادی کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے تکریت شہر کی باضابطہ آزادی کا اعلان کر دیا ہے۔ المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے اعلان کیا ہے کہ عراقیوں نے تن تنہا اور اپنے خون سے تکریت کو آزاد کرایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ داعش کے دہشت گردوں نے حکومتی مراکز اور عمارتوں میں بم نصب کئے ہیں۔ عراق میں عوامی رضاکار فورس کے ترجمان کریم النوری نے کہا ہے کہ تکریت داعش کا آخری ٹھکانہ تھا اور یہ شہر، موصل کی آزادی کا دروازہ ہے۔ انھوں نے تکریت کی آزادی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا اگلا ہدف الشرقاط اور اس کے بعد موصل ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہماری آغوش ان تمام عراقیوں کے لئے کھلی ہے جو داعش کے جرائم میں شریک نہیں تھے۔ اطلاعات کے مطابق تکریت کی آزادی کی خبر سنتے ہی عراقی شہری خوشی کے عالم میں  اپنے گھروں سے نکل آئے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس وفت پورے عراق میں جشن کا سماں ہے اور لوک ایک دوسرے کو اس فتح کی مبارکباد دے رہے ہیں۔

ادھر عراق کے شہر تکریت کی مکمل آزادی کے اعلان کے بعد صوبہ صلاح الدین کے گورنر نے سرکاری ملازمین اور افسروں سے کہا ہے کہ وہ کام پر واپس آجائیں۔ صوبہ صلاح الدین کے گورنر رائد الجبوری نے تکریت شہر کی آزادی کے اعلان کے بعد تکریت میں سرکاری اداروں کے ملازمین اور دیگر عہدیداروں سے کہا ہے کہ بدھ کے روز سے اپنے کام پر واپس آجائیں۔ عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے منگل کے روز اعلان کیا کہ تکریت شہر کو مکمل طور پر آزاد کرا لیا گیا ہے اور اس شہر کی مرکزی سرکاری عمارت پر عراق کا پرچم لہرا دیا گیا ہے۔ حیدر العبادی نے پیر کے روز بغداد میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات میں وعدہ کیا تھا کہ تکریت کو آئندہ اڑتالیس گھنٹے کے دوران داعش کے وجود سے پاک کر دیا جائے گا۔ صوبہ صلاح الدین اور اس کے مرکزی شہر تکریت کی آزادی کے لئے آپریشن مارج کے مہینے کے اوائل میں شروع کیا گیا تھا۔ تکریت کو عراقی فوج، پولیس، عوامی رضاکار فورس، قبائلی لشکر اور اس شہر کے باشندوں کی کوششوں سے آزاد کرایا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 451352
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش