QR CodeQR Code

شہر تکریت کی آزادی پر مبارکباد

عراق میں دہشتگردی کیخلاف حالیہ کامیابیاں جاری جدوجہد میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں، مرضیہ افخم

31 Mar 2015 22:08

اسلام ٹائمز: ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنا نصب العین بنا لیا ہے کہ وہ منظم تکفیری دہشتگردی کے خلاف عراقی قوم و حکومت کی غیر مشروط حمایت جاری رکھے گا اور عراق و خطے میں دہشتگردی کے مقابل حکومتوں اور قوموں کے ساتھ رہے گا۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان محترمہ مرضیہ افخم نے عراقی قوم کو شہر تکریت کی آزادی پر مبارک باد پیش کی ہے۔  اطلاعات کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کی ترجمان نے عراق کے صوبہ صلاح الدین کے صدر مقام شہر تکریت اور دیگر علاقوں کو تکفیری دہشتگردوں سے آزاد کرانے پر عراقی عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔ وزارت خارجہ کی ترجمان نے شہر تکریت کو آزاد کرنے کی جنگ میں عراقی فوج، عوامی رضاکاروں اور قبائلی فورسز کی مشارکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ کامیابیاں عراق میں دہشتگردی کے خلاف جاری جدوجہد میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں اس بات کی بشارت دیتی ہیں کہ عراق کے تمام علاقوں کو دہشتگردوں کے وجود سے پاک کر دیا جائے گا۔ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنا نصب العین بنا لیا ہے کہ وہ منظم تکفیری دہشتگردی کے خلاف عراقی قوم و حکومت کی غیر مشروط حمایت جاری رکھے گا اور عراق و خطے میں دہشتگردی کے مقابل حکومتوں اور قوموں کے ساتھ رہے گا۔ واضح رہے کہ عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے پیر کے دن بغداد میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات میں وعدہ کیا تھا کہ تکریت آئںدہ اڑتالیس گھنٹوں میں آزاد ہوجائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ عراق کے صوبہ صلاح الدین کو تکفیریوں سے آزاد کرانے کی کارروائیاں مارچ کی ابتدا سے شروع ہوئی تھیں۔


خبر کا کوڈ: 451353

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/451353/عراق-میں-دہشتگردی-کیخلاف-حالیہ-کامیابیاں-جاری-جدوجہد-سنگ-میل-کی-حیثیت-رکھتی-ہیں-مرضیہ-افخم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org