2
0
Sunday 5 Apr 2015 21:18

سعودی خواہش پر یمن کیخلاف فوج بھیجنے کی مخالفت کرتے ہیں، مذہبی جماعتوں کا اعلان

سعودی خواہش پر یمن کیخلاف فوج بھیجنے کی مخالفت کرتے ہیں، مذہبی جماعتوں کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ''یمن پر سعودی عرب کا حملہ، ضرب عضب اور پاکستان کا کردار" کے موضوع پر سیمینار کا اہمتام کیا گیا، جس کی صدارت سربراہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ ناصر عباس جعفری نے کی، سیمینار میں پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق عباسی، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، جمعیت علمائے پاکستان نیازی گروپ کے سربراہ پیر معصوم شاہ اور امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے چیئرمین لال مہدی خان نے شرکت کی۔ مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضرب عضب آپریشن اس ناسور کے خلاف ہے جس نے مادر وطن کو 80 ہزار لاشوں کا تحفہ دیا ہے، جن دہشت گردوں کے خلاف ہماری افواج اور قوم قربانیاں دے رہی ہیں، دراصل یہ افغان جنگ کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مزید کسی جنگ کا حصہ بن کر ملک اور قوم کو کسی امتحاں سے دوچار کرنیکی اجازت نہیں دے سکتے، آج مشرق وسطٰی میں دہشت گردوں کے ایکسپورٹرز مکافات عمل کا شکار ہیں، ہم ہر ظالم کے خلاف ہیں خواہ وہ مسلمان ہی کیوں نہ ہو اور ہر مطلوم کے حامی ہیں خواہ وہ غیر مسلم ہی کیوں نہ ہو، ہم نے ہزاروں لاشوں کو کندھے دیئے لیکن کبھی ملک کے خلاف بغاوت نہیں کی۔

مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں مسلح جدوجہد کو حرام سمجھتے ہیں، ہم عوامی پرامن جدوجہد کے قائل ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یمن جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہیئے، ہمیں مسلمانوں کے درمیان لڑائی کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے، ہمیں پاکستان کے مفاد کو مقدم رکھنا ہوگا، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ ہمارے حکمران ملک کو روز بروز مسائل کی دلدل میں پھنساتے جا رہے ہیں، یمن کا معاملہ چند عالمی طاقتوں کی سازش ہے، آل سعود توحید کا نام لیکر توحید پرستوں کی جڑیں کاٹ رہے ہیں، انہوں نے پوری دنیا میں تکفیریت کا بازار گرم کر رکھا ہے، دنیا اس وقت دو بلاک میں تقسیم ہے، ایک بلاک اسرائیل کو تحفظ دے رہا ہے جبکہ دوسرا بلاک اسرائیل مخالف ہے، امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب پورے خطہ میں ایک منصوبے کے تحت امن تباہ کرنے میں سرگرم ہیں، انہوں نے ہی داعش کو بنایا۔

پاکستان عوامی تحریک کے صدر رحیق عباسی نے کہا کہ سعودی عرب پر مسلط طبقہ کسی طور پر اہل سنت کی ترجمانی نہیں کرتا، بلکہ اس کے مقابلہ میں ایران درست طور پر نہ صرف شیعہ بلکہ پورے عالم اسلام کی درست ترجمانی کر رہا ہے، اگر یمن میں جمہوریت کی بحالی کی جنگ ہے تو اسے غیر جمہوری سعودی بادشاہت کیسے ختم کرنے آئی ہے، جب پاکستان پر مشکل وقت آیا تو دنیا کے کسی ملک نے ہمارا ساتھ نہیں دیا، البتہ شریف خاندان کیلئے سعودی بادشاہوں نے بہت کچھ کیا، انہیں نئی طاقت دیکر ایک مرتبہ پھر ہم پر مسلط کر دیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ یمن سمیت کوئی بھی ملک ہو ہمیں جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہیئے۔

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اقوام عالم ڈبل اسٹینڈرڈ پالیسیاں ترک کرے، شام میں باغی ایکسپورٹ کرکے ان کو وہاں کی منتخب حکومت کے خلاف سازش کرنے والوں کو حریت پسند اور یمن میں کرپٹ حکمرانوں کے خلاف آواز اُٹھانے والی یمنی عوام کو باغی بنا کر اُن پر شب خون مارنا کہاں کا انصاف ہے، سعودی عرب نے مسلم ملک کے خلاف جارحیت کرکے ثابت کر دیا کہ اس کو مسلمانوں کے مفاد سے کوئی تعلق نہیں، مشرق وسطٰی میں ہم اپنی افواج کو اغیار کی پراکسی وار کا حصہ نہیں بننے دیں گے، الحمدللہ حرمین شریفین کو کوئی خطرہ نہیں، یمن کے مسلمانوں کو حرمین سعودی عرب کے لوگوں سے زیادہ عزیز ہیں، انہوں نے کہا میاں صاحب ذاتی احسانات کے بدلے غیور فوج کی عظمت کا سودا نہ کریں، ہم اپنی افواج جو عالم اسلام کے لئے امید کا باعث ہے، کو مسلمانوں کے قتل عام میں شریک کرنے کی مخالفت کرتے ہیں۔

چیئرمین امامیہ آرگنائزیشن پاکستان لال مہدی خان نے کہا کہ جب قوموں پر ظلم کیا جاتا ہے اور ان کے حقوق کو غصب کیا جاتا ہے اور ظلم حد سے بڑھ جاتا ہے تو لوگ اپنے حقوق کے لئے میدان میں نکلتے ہیں۔ یمن کی موجودہ صورت حال پر ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ کون کس پر حملہ آور ہے، ہمیں کسی بھی دوسرے ملک کی جارحیت کا حصہ نہیں بننا چاہیئے، بصورت دیگر اس کے نتائج بھیانک ہونگے۔ جمعیت علمائے پاکستان نیازی گروپ کے صدر پیر معصوم شاہ نقوی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی نے ایران کو جو کامیابی دی ہے، اس حوالے سے سعودی عرب کی نیندیں اڑگئی ہیں، دہشتگرد یمنی عوام نہیں بلکہ وہ لوگ ہیں جو یمن پر حملہ آور ہیں، دہشتگرد سنی نہیں، یہ سنی کا لیبل لگا کر دہشت گردی کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم سنی ہیں۔ ہم اپنے شیعہ بھائیوں کیساتھ ہیں، آپریشن ضرب عضب کیوجہ سے طالبان کو اپنا بچہ کہنے والی مذہبی جماعتوں کو شدید تکلیف ہے، ان دہشتگردوں نے اولیاء اللہ کے مزارات کو بھی نہیں چھوڑا۔
خبر کا کوڈ : 452121
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

نورسید
Pakistan
شاعر مشرق علامہ محمد اقبال رہ
کے دو خواب
۱۔ پاکستان کا خواب، تصور پاکستان پیش کیا
۲۔ ایران کے دارالخلافہ تہران کو جینوا بننے کا خواب پیش کیا۔
Tehran Ho Gar Alam-e-Mashriq Ka Jeneeva
Shaid Kurra-e-Arz Ki Taqdeer Badal Jaye!
RIZWAN
United States
very good nice
boht acha iqdaam hy
ہماری پیشکش