QR CodeQR Code

ہمیں کسی بھی دوسرے اسلامی ملک پر حملہ نہیں کرنا چاہیے، ثروت اعجاز قادری

5 Apr 2015 23:10

اسلام ٹائمز: صوبائی رہنما محمد زاہد قادری سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پاکستان سنی تحریک نے کہا کہ اگر پاک فوج کو یمن سعودی جنگ میں دھکیلا گیا، تو پاکستان بھی اسکے شعلوں سے محفوظ نہیں رہیگا، جسکی تمام تر ذمہ داری نواز حکومت پر عائد ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا احترام اور اسکی دوستی سے کسی کو انکار نہیں، لیکن ہمیں کسی بھی دوسرے اسلامی ملک پر حملہ نہیں کرنا چاہیے، ایک اسلامی ایٹمی طاقت ہونے کے ناطے ہمارا فرض ہے کہ ہم مسلمانوں کے درمیان مصالحت کا کردار ادا کریں، اگر پاک فوج کو یمن سعودی جنگ میں دھکیلا گیا، تو اس کے اثرات پورے خطے پر پڑیں گے، اور پاکستان بھی اس کے شعلوں سے محفوظ نہیں رہے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری نواز حکومت پر عائد ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سنی تحریک کے صوبائی رہنما محمد زاہد حبیب قادری سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ یمن سعودی تنازعے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ جمہوری ادارے ہی قومی مشاورت کا بہترین فورم ہیں، اہم ترین قومی ایشو پر عمران خان سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ختم کرکے پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کو بھی اپنے ساتھ لیکر جائیں۔ انہوں نے کہ چھ اپریل کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں اپوزیشن کی رائے کا بھی احترام کیا جائے، حکومت کو چاہیے کہ اس اہم ترین مسئلے پر پارلیمنٹ سے باہر کی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لے۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک نے مزید کہا کہ مشرق وسطٰی کا بحران عالم اسلام کیلئے خطرہ ہے، اس سے مسلمانوں کا نقصان اور اسلام دشمنوں کا فائدہ ہوگا، لہذٰا عالم اسلام کی قیادت کو چاہیے کہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بحران کو مذاکرات سے حل کرے۔


خبر کا کوڈ: 452146

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/452146/ہمیں-کسی-بھی-دوسرے-اسلامی-ملک-پر-حملہ-نہیں-کرنا-چاہیے-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org