QR CodeQR Code

حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے مہنگائی اور لوڈشیڈنگ نے جینا اجیرن کر دیا، اقبال چغتائی

6 Apr 2015 19:09

اسلام ٹائمز: ملتان میں اجلاس سے خطاب کرتے تحریک منہاج القرآن کے امیر کا کہنا تھا کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، اضافہ ظلم ہے، گرمیوں کے شروع ہونے سے قبل ہی لوڈ شیڈنگ میں بے تحاشا اضافہ نے گڈ گورننس کی قلعی کھول دی۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن ضلع ملتان کے امیر میجر محمد اقبال چغتائی نے کہا ہے کہ بلند بانگ دعوے کرنے والی نام نہاد جمہوری حکومت عوام کو ریلیف مہیا کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا اجیرن کر دیا ہے۔ عالمی منڈی میں پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر بہت بڑا ظلم ہے جس کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان آئے گا اور عام آدمی ضروریات زندگی سے بھی محروم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی عالمی منڈی میں کمی کے بعد کی گئی مگر عوام کو ملنے والا وہ ریلیف حکمرانوں کو ہضم نہیں ہوا، یہی وجہ ہے کہ اس بار پٹرولیم کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کر دیا گیا۔ ابھی گرمیاں شروع نہیں ہوئی مگر دیہاتوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے16 گھنٹے ہو چکا ہے۔ لوڈ شیڈنگ میں اس بے تحاشا اضافے نے گڈگورننس کی قلعی کھول کے رکھ دی ہے۔ یہ ثابت ہو گیا ہے کہ حکمرانوں کو عوامی مسائل سے کوئی غرض نہیں ان کی ساری توجہ دولت کمانے اور اپنے کاروبار کو بڑھانے پر مرکوز ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب اس ملک کے مجبور عوام اٹھیں گے اور ان ظالم، کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کریں گے۔ وہ تحریک منہاج القرآن ملتان کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں ممتاز نون، رائو عارف رضوی، سردار اعجاز سہو، مصباح اسحاق، احسان رمضان ایڈووکیٹ، قاسم ابرار، طاہر نون، سجاد نقشبندی، رائو آصف رزاقی، چوہدری محمد اکرم گجر اور دیگر نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 452379

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/452379/حکومت-عوام-کو-ریلیف-دینے-میں-ناکام-ہو-چکی-ہے-مہنگائی-اور-لوڈشیڈنگ-نے-جینا-اجیرن-کر-دیا-اقبال-چغتائی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org