0
Tuesday 7 Apr 2015 15:50

ترکی اور ایران کے تعاون سے یمن کا معاملہ بات چیت سے حل کیا جائے، عبداللہ حسین ہارون

ترکی اور ایران کے تعاون سے یمن کا معاملہ بات چیت سے حل کیا جائے، عبداللہ حسین ہارون
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے سابق مستقل مندوب عبداللہ حسین ہارون نے یمن کے معاملے پر پاکستانی حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی اور ایران کے تعاون سے یمن کے معاملے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کیلئے کردار ادا کیا جائے جبکہ اسلامی ممالک کی تنظیم بھی اس معاملے کو حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے تاکہ یمن میں ہونے والے جھگڑوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد کے مقامی ہوٹل میں اپنی کتاب ’’سندھ جو سوال‘‘ کی تقریب رونمائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عبداللہ حسین ہارون نے مزید کہا کہ یمن میں دو فریقین کی لڑائی کا خاتمہ کرنے کیلئے مسلمان ممالک کو پر امن طریقہ ڈھونڈنا چاہیے، اگرچہ سعودی عرب کا دفاع اہمیت کا حامل ہے تاہم یمن بھی ایک اسلامی ملک ہے اور اس کے مسئلے کو ماضی کے تجربات سے سبق حاصل کرتے ہوئے بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیئے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سندھ میں قیام امن کیلئے افغانستان، وسطی ایشیائی ممالک اور دیگر خطوں سے آنے والے لوگوں کی سخت نگرانی کرنی چاہیئے جبکہ منتخب نمائندے سندھ کے مالی وسائل کی بہتر دیکھ بھال کرتے ہوئے عوام کو ان کے حقوق دلائیں کیونکہ منتخب نمائندے عوام کے سامنے جوابدہ ہیں۔

کراچی آپریشن سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور جرائم میں بھی کمی آئی ہے مگر اس آپریشن میں تسلسل رکھنا ہوگا تاکہ جرائم کا مکمل خاتمہ ہو سکے۔ قبل ازیں تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کے اندر رہنے والی تمام قومیں سندھی ہیں اور سندھی عوام میں خدمت کا جذبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ دھرتی کو یہاں کے بزرگوں اور اولیاء کی دعائیں حاصل ہیں جس کے نتیجے میں سندھ تمام مسائل کا مقابلہ کرتے ہوئے مستقبل میں مزید ترقی کرے گا، سندھ میں غربت بھی بہت ہے مگر سندھ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، قدرتی وسائل کی بہتر طریقے سے دیکھ بھال کرکے سندھ سے غربت سمیت تمام مسائل کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 452593
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش