0
Tuesday 7 Apr 2015 16:00

پاک بحریہ نے 182 محصورین یمن سے پاکستان پہنچا دیئے

پاک بحریہ نے 182 محصورین یمن سے پاکستان پہنچا دیئے
اسلام ٹائمز۔ پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس اصلت جنگ زدہ یمن سے 146 پاکستانیوں اور 36 غیر ملکیوں سمیت 182 افراد کو لے کر کراچی بندرگاہ پر پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نیوی کے جہاز پی این ایس اصلت کو 29 مارچ کو یمن میں پھنسے پاکستانی شہریوں کو لینے کے لیے بھیجا گیا تھا جو آج یعنی منگل کو کراچی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا، جسے کیپٹن جمال عالم آپریٹ کررہے تھے۔ مشن کمانڈر کموڈور زاہد الیاس کے مطابق بحری جہاز میں 8 چینی، 8 فلپائنی، 4 برطانوی، 2 شامی، ایک کینیڈین، 11 ہندوستانی اور 3 انڈونیشن شہری شامل ہیں، جنگ زدہ یمن سے لائے گئے غیرملکوں کوان کے سفارتخانوں کے حوالے کیا جائے گا۔ یمن سے آنے والے شہریوں کے استقبال کے لیے پاکستان نیوی کے افسران، غیر ملکی سفارتی عملہ اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پاک بحریہ کے ریئرایڈمرل مختار احمد جدون نے مسافروں کا استقبال کیا۔

واضح رہے کہ یمن میں تحریک انصاراللہ کی جانب سے یمن کی حکومت کا کنٹرل حاصل کرنے کے بعد سعودی عرب نے ان کو اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر فضائی کارروائیوں کے ذریعے نشانہ بنانے کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے۔ لڑائی شروع ہونے سے قبل تقریباً 3000 پاکستانی یمن کے مختلف علاقوں میں موجود تھے جن کے محفوظ انخلا کے لیے کوششوں کا آغاز گزشتہ ہفتے ہوا تھا۔ پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ یمن کے مختلف علاقوں میں 3000 پاکستانی موجود ہیں، تاہم ان میں سے ایک ہزار ہی ایسے ہیں جو یمن کے شورش زدہ علاقوں میں رہائش پذیر ہیں اور وطن واپس آنا چاہتے ہیں۔ پاک بحریہ کے جہازوں کے علاوہ پاکستان انٹرنیشل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی پروازوں کے ذریعے بھی یمن سے محصورین کو پاکستان منتقل کیا جاچکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 452595
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش