0
Tuesday 7 Apr 2015 17:30

ایران اور ترکی کے درمیان یمن کے سلسلے میں مشترکہ نقاط پائے جاتے ہیں، ڈاکٹر حسن روحانی

خطے اور عالمی مسائل کے بارے میں دونوں ملک ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں، ترک صدر
ایران اور ترکی کے درمیان یمن کے سلسلے میں مشترکہ نقاط پائے جاتے ہیں، ڈاکٹر حسن روحانی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران اور ترکی کے صدور نے آج تہران میں سعدآباد کمپلیکس میں مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ہے۔ ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان، ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد اور وزراء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارا بہت اچھا اور تفصیلی اجلاس ہوا اور اس کے بعد تعاون کی اعلٰی کونسل میں، کہ جو اس کونسل کا دوسرا اجلاس تھا، وزراء کے ساتھ شرکت کی اور دو طرفہ تعلقات اور اسی طرح خطے کے مسائل کے بارے میں بات چیت ہوئی۔ ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ اس اجلاس میں سکیورٹی مسائل اور دونوں ملکوں کی سرحدوں پر دہشت گردی کے خلاف تعاون کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ہماری خواہش یہ ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کی سالانہ شرح کہ جو اس وقت چودہ ارب ڈالر ہے، بڑھا کر تیس ارب ڈالر تک پہنچا دی جائے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے ترکی کے صدر کے ساتھ اس مشترکہ پریس کانفرنس میں رجب طیب اردوغان اور ترک حکومت کی جانب سے ایران کے ایٹمی پروگرام کی مسلسل حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ترکی نے سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزان میں ہونے والی مفاہمیت کا بھی خیرمقدم کیا ہے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے شام، عراق اور فلسطین کے مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ یمن بارے میں بھی تفصیلی بات چیت کی ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ ایران اور ترکی کے درمیان یمن کے سلسلے میں مشترکہ نقاط پائے جاتے ہیں، کہا کہ دونوں ملکوں کے صدور کا خیال ہے کہ اس علاقے میں جنگ اور خونریزی جلد از جلد رکنی چاہیئے، مکمل جنگ بندی قائم ہونی چاہیئے اور حملے رکنے چاہییں۔ ایرانی صدر نے اس پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ یمن میں جنگ بندی ہونے کے بعد ایسے حالات بن سکتے ہیں کہ ہم انسان دوستانہ بنیادوں پر امداد بھیج سکیں۔ ایران، ترکی اور دیگر ممالک ان کی مدد کریں، تاکہ یمن میں ایسے حالات فراہم ہوسکیں کہ ایک وسیع البنیاد حکومت اور امن و استحکام قائم ہو۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے اس موقع پر اپنے دورہ تہران پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے انتہائی اہم معاملات پر بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے اعلٰی سطح کے اقتصادی کمیشن کے اجلاس میں ثقافت، تجارت اور اقتصادی امور سے متعلق لا‏ئحہ عمل طے پاگیا ہے۔ اردوغان نے علاقے کی خطرناک صورتحال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے اور عالمی مسائل کے بارے میں دونوں ملک ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 452636
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش