QR CodeQR Code

جنگ کی صورت میں پاکستان جوہری ہتھیاروں کے استعمال میں پہل کرسکتا ہے، امریکی اخبار

7 Apr 2015 21:46

اسلام ٹائمز: امریکی اخبار نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان کے پاس بھارت جیسے جدید ترین جنگی سامان نہیں اس لیے اس کا زیادہ تر بھروسہ جوہری ہتھیاروں پر ہے اس لیے پاکستان جوہری ہتھیاروں کے استعمال میں پہل کر سکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کی طرح امریکا بھی پاکستان کی جوہری صلاحیت سے خوفزدہ ہے اور امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ جنگ کی صورت میں پاکستان جوہری ہتھیاروں کے استعمال میں پہل کرسکتا ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنے اداریئے میں عالمی طاقتوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی توجہ ایران سے ہٹا کر جنوبی ایشیا کی جانب کرے جہاں دو بڑی جوہری قوتیں موجود ہیں۔ اخبار کا کہنا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات پر حتمی معاہدے کے بعد امریکا اور دیگر عالمی قوتوں کو اپی توجہ کا مرکز جنوبی ایشیا کو بنانا چاہئے۔ جنوبی ایشیا کی بگڑتی صورت حال کو عالمی طاقتیں نظر انداز نہیں کرسکتیں کیونکہ ایران کے ساتھ ساتھ پاکستان، چین اور بھارت بحیرہ ہند پر جوہری ہتھیار نصب کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ صرف پاکستان جنوبی ایشیا کی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں بلکہ چین کا اپنی جوہری صلاحتیوں کو بڑھانا بھی خطے کے لے تشویش ناک ہے۔

نیویارک ٹائمز کا اپنے اداریئے میں کہنا تھا کہ پاکستان اپنے بجٹ کا ایک بڑا حصہ فوج کو جدید ہتھیاروں اور میزائل سے لیس کرنے میں صرف کر رہا ہے جو جوہری ہتھیاروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کو معاشی اور سیاسی عدم استحکام او دہشت گردی جیسے مسائل نے گھیر رکھا ہے جس کے اثرات پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔ اخبار نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان کے پاس بھارت جیسے جدید ترین جنگی سامان نہیں اس لیے اس کا زیادہ تر بھروسہ جوہری ہتھیاروں پر ہے اس لیے پاکستان جوہری ہتھیاروں کے استعمال میں پہل کر سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 452653

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/452653/جنگ-کی-صورت-میں-پاکستان-جوہری-ہتھیاروں-کے-استعمال-پہل-کرسکتا-ہے-امریکی-اخبار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org