0
Wednesday 8 Apr 2015 11:54

عوام کو خوف سے آزاد کرانے کے لئے کراچی ضرور جاؤں گا، عمران خان

عوام کو خوف سے آزاد کرانے کے لئے کراچی ضرور جاؤں گا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے پتا چلا ہے کہ میرے استقبال کے لئے نائن زیرو میں انڈے ٹماٹر پہنچا دیئے گئے ہیں لیکن میں عوام کو خوف سے آزاد کرانے کے لئے کراچی ضرور جاؤں گا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ابھی حیدر آباد جارہا ہوں جہاں ان لوگوں سے ملاقات ہے جو تبدیلی چاہتے ہیں جب کہ رات کو کراچی جاؤں گا اور کل پورا دن این اے 246 میں ضمنی انتخابات کے لئے مہم چلاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے خوف کی فضا کو ختم کرنے جارہا ہوں، مجھے پتہ چلا ہے کہ نائن زیرو میں بڑے انڈے اور ٹماٹر پہنچ گئے ہیں لیکن اگر کسی کارکن کو نقصان پہنچا تو لندن کی عدالت میں جائیں گے، جو لوگ اپنے آپ کو جمہوری کہتے ہیں انہوں نے ہمارے کیمپ پر حملہ کیا جب کہ این اے 246 میں تعاون کے لئے جماعت اسلامی سے بات چل رہی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بہت باتیں سنیں لہٰذا جوابی باتیں کرنا میرا جمہوری حق ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف کی تقریر ایسی تھی جیسے کوئی لچا لفنگا تقریر کر رہا ہوں جب کہ کنٹینر پر کھڑے ہوکر جو چیزیں کہیں سب پر آج تک کھڑا ہوں، ساری سیاسی جماعتیں کہتی ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی اس لئے آئین کے مطابق پارلیمنٹ جعلی ہے تاہم اچھی بات یہ ہے کہ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے کمیشن بن گیا ہے جو فیصلہ کرے گا کہ اسمبلی جعلی ہے یا اصلی۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے معاملے میں ہمیں مداخلت نہیں کرنی چاہئے اور پاکستان کو یمن جنگ کا حصہ کسی صورت نہیں بننا چاہئے جب کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کا انتظار کر رہا ہوں کہ وہ کب انصاف کے کٹہرے میں آئیں۔
خبر کا کوڈ : 452782
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش