QR CodeQR Code

پرائی آگ میں کودنے کی ضرورت نہیں، ہمارے مقدس مقامات کو کوئی خطرہ نہیں ہے، ہیومن رائٹس کمیشن

8 Apr 2015 14:45

اسلام ٹائمز: یمن پر سعودی جارحیت کیخلاف مختلف سماجی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یمن کا معاملہ ان کا اندرونی تضاد تھا، سعودی عرب کو اس جنگ میں کودنے کا کوئی حق نہیں، اس طرح مسلمانوں کا قتل انتہائی غیر انسانی فعل ہے، اس لڑائی میں پاکستانی فوج کا استعمال ایک بڑی غلطی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ انسانی حقوق کے رہنماؤں نے سعودی عرب میں پاکستانی افواج بھیجنے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن میں پاکستانی افواج کو بھیجنا درست عمل نہیں ہے۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے وائس چیئرپرسن اسد بٹ نے ایک پاکستانی روزنامہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو پرائی آگ میں کودنے کی ضرورت نہیں، ہمارے مقدس مقامات کو کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ حملہ کرنے والے بھی مسلمان ہیں وہ بھی ان مقامات کی اتنی ہی عزت کرتے ہیں جتنی ہم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ جذبات سے حل نہیں ہوگا اسے قومی مفاد کے مطابق حل کرنا پڑے گا، یہ یمن کا اندرونی تضاد تھا سعودی عرب کو اس جنگ میں کودنے کا کوئی حق نہیں، اس طرح مسلمانوں کا قتل انتہائی غیر انسانی فعل ہے۔ انسانی حقوق کی سرگرم رہنما مہناز رحمن نے کہا کہ پاکستانی سول سوسائٹی، مسلم لیگ کی مرکزی حکومت اور اس کے سیاسی اتحادیوں کے اس عمل کی شدید مذمت کرتی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ اس لڑائی میں پاکستانی فوج کا استعمال ایک بڑی غلطی ہے جس سے معاشی، سیاسی، عسکری اور خارجہ پالیسی کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

سماجی رہنما انیس ہارون کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اس جنگ کا حصہ بننے کے بجائے سعودی عرب اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرنے اور یمن کے معاملے کو مذاکرات سے حل کرنے کے لیے ثالث کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ پارلیمانی جماعتیں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاکستانی فوج سعودی عرب بھیجنے کے بجائے یہ پالیسی طے کریں کہ پاکستان کو غیر متعلقہ تنازعات میں ملوث ہونے کے بجائے مشرق وسطیٰ اور عالمی امن میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 452837

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/452837/پرائی-آگ-میں-کودنے-کی-ضرورت-نہیں-ہمارے-مقدس-مقامات-کو-کوئی-خطرہ-ہے-ہیومن-رائٹس-کمیشن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org