0
Thursday 9 Apr 2015 22:42

وزیراعظم اور ایرانی وزیرخارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات کا اعلامیہ جاری

وزیراعظم اور ایرانی وزیرخارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات کا اعلامیہ جاری
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف سے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں ایرانی وزیرخارجہ نے وزیراعظم کو یمن کی صورتحال پر ایران کے موقف سے آگاہ کیا، جواد ظریف نے وزیراعظم کو جوہری پروگرام پر ہونے والے معاہدے سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر اعظم ہاوس سے جاری اعلامیے کے مطابق، ایرانی وزیرخارجہ سے ملاقات میں وزیراعظم نواز شریف نے یمن کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کی علاقائی خودمختاری کیخلاف ورزی ہوئی تو پاکستانی عوام سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ امید ہے کہ مسلم امہ کی قیادت یمن میں جاری جنگ کو جلد روکنے میں کامیاب ہوگی۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ یمن کا تنازع جاری رہا تو اس سے مسلم امہ کو شدید خطرات لاحق ہوجائیں گے، ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کرنا چاہیے جس سے کسی ملک میں امن و استحکام متاثر ہو، تمام مسلم ممالک کو تحمل اور برادشت کے ذریعے مسئلہ کا جلداور فوری پرامن حل تلاش کرنا چاہیے، وزیراعظم نے کہا کہ یمن کی قانونی حکومت کو طاقت کے ذور پر باہر کرنے پر پاکستان کو تشویش ہے، پاکستان کے عوام سعودی عرب کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اگر سعودی سالمیت متاثر ہوئی تو پوری قوم سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یمن کے مسئلے کے جلد حل کیلئے تمام مسلم ممالک کو ملکر کام کرنا ہوگا، مسلم امہ کو اکھٹے ہوکر اس مسئلہ کا مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل نکالنا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 453201
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش