QR CodeQR Code

چار سو ارب کی گرانٹ مل جائے تو بلوچستان میں انقلاب لاسکتے ہیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

10 Apr 2015 21:27

اسلام ٹائمز: گوادر میں انٹر یونیورسٹی کنشوریم برائے ترقی سماجی علوم کی مناسبت سے منعقدہ دو روزہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب خطاب میں وزیراعلٰی بلوچستان کا کہنا تھا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن ہمارا سا تھ دے ہم یقین دلاتے ہیں کہ اس حوالے سے کوئی بھی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔ بلکہ ہمارے طلبہ ہر شعبہ میں بہتر نتائج دینگے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ملک کے دیگر صوبوں میں بلوچستان کے حالات کی ابتری کے حوالے سے تاثر قطعی طور پر درست نہیں۔ مخلوط حکومت کے قیام کے بعد حالات بتدریج تبدیل ہور ہے ہیں۔ ہماری کوششوں کی وجہ سے حالات میں بہتری کے لحاظ سے 45 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ کوئٹہ اور خضدار سمیت دیگر شہروں میں زندگی رواں دواں ہے۔ خدارا بلوچستان کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ ہم تعلیمی حوالے سے بہت پیچھے ہیں۔ ہمیں ملک کے دانشوروں اور اداروں کی سرپرستی کی ضرورت ہے۔ یہاں کے لوگ تعلیم سے کماحقہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ جس کی واضح مثال بلوچستان یونیورسٹی کے تعلیمی معیار میں اضافہ ہونا ہے۔ خضدار انجینئیرنگ یونیورسٹی بھی کوالٹی ایجوکیشن پیدا کر رہی ہے۔ جبکہ صوبائی حکومت تعلیم کے فروغ اور ترقی کے لئے بھرپور انہماک رکھتی ہے۔ تعلیمی بجٹ کو چار فیصد سے بڑھا کر چوبیس فیصد کر دیا گیا ہے۔ پرائمری اور سکینڈری ایجوکیشن کو بہتر بنانے کی جامعہ منصوبہ بندی اور نقل کی روک تھام کے لئے مربوط اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں۔ تعلیم کے فروغ کے لئے صوبے میں تین نئے میڈیکل کالجز اور یونیورسٹی تعمیر کی جارہی ہیں۔ جو اس بات کا غماز ہے کہ صوبائی مخلوط حکومت تعلیم کے فروغ اور ترقی کے لئے کمٹمنٹ رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اپنے اداروں کو درست سمت میں لانے کے لئے کوشاں ہے، یہ ہمارا اپنے عوام سے وعدہ ہے کہ اداروں کو درست کرینگے۔ تاکہ وہ بہتر نتایج دے سکیں۔ اقتصادی راہداری گوادر کے بغیر نامکمل ہے۔ گوادر کی ترقی سے صوبہ اور یہ خطہ ہمہ گیر تبدیلیوں کا مرکز بنے گا۔ صوبائی حکومت اپنے لوگوں کے حقوق کا ہر حوالے سے تحفظ کریگی۔ بلوچستان کے طلبہ بالخصوص مکران سے تعلق رکھنے والے طلبہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں جانے کے خواہاں ہیں۔ جس کے پیش نظر ہائیر ایجوکیشن کمیشن یہاں کے طلبہ سے خصوصی رعایت کرے اور یہاں کے تعلیمی اداروں کی مالی اور دیگر حوالے سے بھرپور معاونت کرے۔ تاکہ بلوچستان کے طلبہ بھی ملک کی اعلیٰ جامعات میں تعلیم حاصل کرسکیں۔ صوبائی حکومت نے بلوچستان کے طلبہ کے مالی اعانت کے لئے انڈومنٹ فنڈ میں پانچ ارب روپے مختص کئے ہیں۔ تاکہ یہاں کے طلبہ کی تعلیمی ضروریات پورا ہوسکیں۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن ہمارا سا تھ دے ہم یقین دلاتے ہیں کہ اس حوالے سے کوئی بھی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔ بلکہ ہمارے طلبہ ہر شعبہ میں بہتر نتائج دینگے۔ ملک بھر کے وائس چانسلر کی یہاں کانفرنس کا انعقاد اچھی کاوش ہے۔ جس کے دورس نتائج مرتب ہونگے۔


خبر کا کوڈ: 453384

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/453384/چار-سو-ارب-کی-گرانٹ-مل-جائے-بلوچستان-میں-انقلاب-لاسکتے-ہیں-ڈاکٹر-عبدالمالک-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org