0
Saturday 11 Apr 2015 09:31

بھارت فرانس سے 36 رافیل لڑاکا طیارے خریدے گا

بھارت فرانس سے 36 رافیل لڑاکا طیارے خریدے گا
اسلام ٹائمز۔ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے اعلان کیا ہے کہ نئی دہلی نے 36 لڑاکا طیاروں کی خریداری کے لیے فرانس سے اربوں روپے کا معاہدہ کر لیا ہے، جن کی فراہمی میں ایک سال کا وقت درکار ہو گا۔ یورپ کے کسی بھی ملک میں اپنے پہلے دورے کے موقع پر اپنے فرانسیسی ہم منصب کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں ہندوستانی وزیراعظم نے اعلان کیا کہ فرانس سے طیاروں کی خریداری کے لئے سالوں سے جاری مذاکرات کا پھل حاصل ہو گیا ہے۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں بھارتی وزیراعظم مودی نے فرانس سے رافیل طیاروں کی جلد از جلد ڈلیوری کا مطالبہ کیا۔ مودی نے کہا کہ انھوں نے فرانس کے وزیراعظم ہولینڈ سے کہا ہے کہ انھیں 36 لڑاکا طیارے ’ تیار ‘ حالت میں فراہم کیے جائیں۔

بھارتی وزیراعظم نریندرمودی اور فرانسیسی صدر فرانسس اولاندے کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں جوہری، دفاعی، تعلیم اور اقتصادیات کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ فرانسیسی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جیت پور میں ایٹمی پراجیکٹ کے حوالے سے بھی معاہدہ طے پایا ہے جبکہ میزائلوں، آبدوزوں اور طیاروں کی فروخت سے متعلق معاہدے ہوئے ہیں۔ انہوں نے فرانس بھارت میں دو ارب یوروز کی سرمایہ کاری کرنے کے ساتھ ساتھ بھارت میں تین شہروں کی تعمیر و ترقی کا بھی اعلان کیا ہے۔

عرصہ دراز سے دونوں ممالک کے درمیان اس حوالے سے ہونے والے مذاکرات کے اختتام پر 126 فرانسیسی رافیل طیاروں جن میں سے 36 طیارے تیار حالت میں فراہم کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے جس کی مالیت 4 ارب 20 کروڑ کی لگائی جا رہی ہے۔ گزشتہ سال فرانس نے 24 رافیل طیارے مصر کو فروخت کیے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہندوستان کے دفاعی تجزیہ نگار سورابہ جوشی کا کہنا ہے کہ ہندوستان کی فضائیہ کو فوری طور پر جدید لڑاکا طیاروں کی ضرورت ہے تاکہ اپنے دو اہم حریفوں پاکستان اور چین کا مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسی لئے ہندوستان نے اپنے دفاع کو جدید تقاضوں پر استوار کرنے کے لیے 100 ارب روپے کا ایک پروگرام ترتیب دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 453476
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش