QR CodeQR Code

شگر اور کھرمنگ میں ججوں کو تعینات کیا جائے، اخوند محمد علی ایڈووکیٹ

12 Apr 2015 19:28

اسلام ٹائمز: آخوند محمد علی ایڈووکیٹ نے کہا کہ چیف کورٹ کا سرکٹ بنچ نہ ہونے کے باعث بلتستان کے عوام اور وکلا کو چھوٹے چھوٹے کیسز نمٹانے کے لئے کئی کلو میٹر کا سفر طے کر کے گلگت جانا پڑ رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ڈسٹرک بار ایسوسی ایشن اسکردو کے صدر و معروف قانون دان آخوند محمد علی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سول جج شگر اور کھرمنگ کے آسامیاں خالی ہونے، اسکردو میں چیف کورٹ کی بنچ کی عدم دستیابی اور سروس ٹربیونل کے عدم قیام سے وکلا اور عوام کو سنگین مشکلات پیش آرہی ہیں، بار بار مطالبات کے باوجود شنوائی نہیں ہو رہی ہے جس سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سینئر وکلا شریک ہوئے اور اس اجلاس میں سول جج شگر اور کھرمنگ کی آسامیوں کو فوری طور پر پرُ کرنے، اسکردو میں چیف کورٹ کی سرکٹ بنچ کے قیام اور سروس ٹربیونل کے قیام کا مطالبہ کیا گیا اور ان مطالبات کے حق میں متفقہ طور پر قرارداد پاس کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آخوند محمد علی ایڈووکیٹ نے کہا کہ چیف کورٹ کا سرکٹ بنچ نہ ہونے کے باعث بلتستان کے عوام اور وکلا کو چھوٹے چھوٹے کیسز نمٹانے کے لئے کئی کلو میٹر کا سفر طے کر کے گلگت جانا پڑ رہا ہے جس سے ان کے بنیادی اور آئینی حقوق سلب ہو رہے ہیں، کئی دفعہ یقین دہانی کے باوجود سرکٹ بنچ قائم نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سروس ٹریبونل کے قیام سے قبل گلگت بلتستان کے عوام کو اپنے اپنے علاقوں میں سول جج کی عدالتوں میں مقدمات دائر کرنے کی سہولت دسیتاب تھی مگر سروس ٹریبونل کے قیام کے بعد عوام کو دستیاب سہولت ختم ہو گئی کیونکہ سروس ٹریبونل صرف گلگت میں قائم کیا گیا ہے اور یہ صرف گلگت میں کام کرتا ہے جس سے دوسرے اضلاع کے عوام متاثر ہو رہے ہیں، بلتستان میں سروس ٹریبونل کا قیام ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں تمام سیاسی اور دینی جماعتوں سے مل کر باقاعدہ احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ وزیراعظم میاں نواز شریف، گورنر برجیس طاہر، وزیراعلٰی شیر جہاں میر اور چیف سیکرٹری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عوام اور وکلاءکے دیرینہ مطالبات کی فوری منظوری دیں اور غیر یقینی کی صورت حال ختم کریں۔


خبر کا کوڈ: 453823

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/453823/شگر-اور-کھرمنگ-میں-ججوں-کو-تعینات-کیا-جائے-اخوند-محمد-علی-ایڈووکیٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org