0
Tuesday 14 Apr 2015 20:59

منی لانڈرنگ کیس میں الطاف حسین کی ضمانت میں جولائی تک کی توسیع

منی لانڈرنگ کیس میں الطاف حسین کی ضمانت میں جولائی تک کی توسیع
اسلام ٹائمز۔ منی لانڈرنگ کیس میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی ضمانت میں مزید توسیع کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین لندن میں منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت کی مدت مکمل ہونے کے بعد پولیس کے سامنے پیش ہوئے، جہاں سدرک پولیس اسٹیشن میں 2 تفتیش کاروں نے ان سے تفتیش کی، جو 5 گھنٹے سے زائد جاری رہی، جبکہ اس موقع پر الطاف حسین کی معاونت کیلئے ان کے وکیل بھی پولیس اسٹیشن میں موجود تھے۔ الطاف حسین سے تفتیش مکمل ہونے کے بعد کراؤن پراسیکیوشن سروس نے متحدہ کے قائد کی ضمانت میں ایک بار پھر جولائی تک توسیع کر دی ہے، جبکہ ان کا پاسپورٹ برطانوی پولیس کے پاس رہے گا۔ ضمانت میں توسیع کے بعد الطاف حسین پولیس اسٹیشن کے عقبی دروازے سے روانہ ہوگئے۔ الطاف حسین نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ کارکن اور ہمدرد قانونی عمل کے دوران مکمل طور پر پرامن، متحد و منظم رہیں، مجھے برطانوی قانون اور نظام انصاف پر مکمل یقین ہے، اور امید ہے کہ ضمانت میں توسیع سے حکام تفتیش جلد مکمل کرسکیں گے۔ واضح رہے کہ لندن پولیس نے 3 جون 2014ء میں الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کے الزام میں حراست میں لیا تھا، جس کے بعد انہیں ابتدائی تفتیش کے بعد جولائی تک ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا، تاہم بعد میں ان کی ضمانت میں 14 اپریل 2015ء تک توسیع کر دی گئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 454400
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش