0
Thursday 16 Apr 2015 08:14

مسئلہ کشمیر صرف پاک بھارت تنازع نہیں، علی گیلانی

مسئلہ کشمیر صرف پاک بھارت تنازع نہیں، علی گیلانی

اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ریلی نکالی گئی جس میں بھارتی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور اس دوران کشمیریوں نے سری نگر میں پاکستانی پرچم بھی لہرا دیا جب کہ بھارتی پولیس نے پرچم لہرانے پر کشمیری رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی سری نگر آمد پر کشمیریوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا جب کہ اس موقع پر گذشتہ روز رہائی پانے والے کشمیری رہنما مسرت عالم کی قیادت میں بھارتی مظالم کے خلاف ریلی بھی نکالی گئی جس میں پرجوش کشمیریوں نے پاکستان کے حق میں نعرے بلند کیے اور اس دوران وادی بھارت مردہ بعد کے نعروں سے گونج اٹھی جب کہ ریلی کے دوران سری نگر میں پاکستان کے پرچم بھی لہرائے گئے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری رہنما سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مفتی سعید اعلان کریں کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں کیونکہ یہ علاقہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ جما رکھا ہے، مسئلہ کشمیر صرف پاک بھارت تنازع نہیں بلکہ سہ فریقی مسئلہ ہے، کشمیری بنیادی اور اصل فریق ہیں۔ 

انھوں نے کہا کہ کشمیر میں ہندو پنڈتوں کی آبادکاری مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش ہے۔ کشمیریوں نے بھارت کے غاصبانہ قبضے کو پہلے تسلیم کیا نہ آئندہ کریں گے جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت نہیں مل جاتا اس وقت تک ہماری جدوجہد آزادی جاری رہے گی۔ سری نگر میں نکالی جانے والی ریلی میں ’’تیری جان میری جان پاکستان پاکستان‘ ‘’’پاکستان کا کیا پیغام کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ ’’تیرا میرا کیا ارمان پاکستان پاکستان‘‘ کے نعرے بھی لگائے گئے جب کہ اس دوران بھارتی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد افرادکو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے پرچم لہرانے پر کشمیری رہنما سید علی گیلانی اور مسرت عالم سمیت دیگر مقامی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ 

دوسری جانب پاکستانی دفتر خارجہ نے سری نگر میں پرچم لہرانے پر مقدمہ درج کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کشمیری عوام کی آواز ہے جسے تسلط سے نہیں دبایا جاسکتا، بھارت کا کشمیریوں پر تشدد قابل افسوس اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

خبر کا کوڈ : 454723
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب