QR CodeQR Code

روس پاکستان کوایل این جی پائپ لائن کیلیے 2 بلین ڈالر قرضہ دیگا

18 Apr 2015 11:45

اسلام ٹائمز: وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ روسی کمپنیوں کو پائپ لائن بچھانے کے ٹھیکے دیے جائیں گے، 1100 کلومیٹر طویل یہ پائپ لائن کراچی بندرگاہ سے لاہور تک بچھائی جائے گی، اس سلسلے میں ابتدائی معاہدہ ماسکو میں ہوا، باضابطہ معاہدہ اگلے ماہ متوقع ہیے جس کے بعد پاکستان روسی حکومت کی تجویز کردہ کمپنیوں سے معاہدے کرے گا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان اور روس کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت روس پاکستان کو ایل این جی گیس کی پائپ لائن بچھانے کے لیے 2 بلین ڈالر کا قرضہ دے گا، یہ بات پٹرولیم کے وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ انھوں نے مزید کہا کہ بدلے میں روسی کمپنیوں کو پائپ لائن بچھانے کے ٹھیکے دیے جائیں گے، 1100 کلومیٹر طویل یہ پائپ لائن کراچی بندرگاہ سے لاہور تک بچھائی جائے گی، اس سلسلے میں ابتدائی معاہدہ ماسکو میں ہوا جبکہ حکومتوں کے درمیان پر باضابطہ معاہدہ اگلے ماہ متوقع ہیے جس کے بعد پاکستان روسی حکومت کی تجویز کردہ کمپنیوں سے معاہدے کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ٹھیکے روسی کمپنیوں کوکسی بڈنگ کے بغیر دیے جائیں گے، اس سے قبل ’نوبڈنگ‘ کی ایسی ہی شرائط پر سابق سوویت یونین نے پاکستان میں اسٹیل مل بھی تعمیرکیا تھا۔ پائپ لائن کیلیے سرمایہ کاری کی روسی پیشکش دراصل پاکستان کو ایل این جی کی فروخت کرنے کی تمہید ہے۔ واضح رہے کہ روس یہ گیس پیدا کرنے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے اوریوکرین معاملے میں یورپی یونین سے تنازعے کے بعد سے نئی منڈی کی تلاش میں ہے۔

وزیرپٹرولیم نے یہ بھی کہا کہ روس 2016 سے ایکسپورٹ شروع کرے گا اور اس نے پاکستان کو بھی گیس فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق پائپ لائنوں کیلیے لیا جانے والا قرضہ اتارنے کیلیے اوگرانے سرکاری گیس کمپنیوں کوصارفین سے ہر ماہ گیس بلوں میں اضافی وصولی کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ توقع ہے کہ ان منصوبوں میں سوئی سدرن 300 ملین ڈالراور سوئی ناردرن گیس کمپنی 750 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 455240

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/455240/روس-پاکستان-کوایل-این-جی-پائپ-لائن-کیلیے-2-بلین-ڈالر-قرضہ-دیگا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org